Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ڈی جی نیب خیبر پختونخو ا 28 مارچ 2019بروز جمعرات کو عوامی شکایات براہ راست سنیں گے۔

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترا ل ٹائمز رپورٹ )چئیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کے احکامات پر عمل درآمد کر تے ہوئے ڈائر یکٹر جنرل نیب خیبر پختونخوا عوام کی شکایات خود سنیں گے۔
معاشرے میں بدعنوانی کے بڑھتے ہوئے رجحانات کو مد نظر رکھتے ہوئےچئیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے عوامی شکایات خود سننے کا فیصلہ کیا اور ساتھ ہی ریجنل ڈائریکٹر جنرلز کو بھی ہدایت کی ہے کہ عوامی شکایات خود سنیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل قومی احتساب بیورو خیبر پختونخو ا 28 مارچ ، 2019 کو بروزجمعرات دوپہر2 بجے سے 4 بجے تک عوام کی شکایات دفترقومی احتساب بیوروخیبر پختونخوا واقعہ پی ڈی اے کمپلیکس فیز 5- حیات آباد پشاور میں براہ راست سنیں گے اس موقع پر کمپلینٹ سکروٹنی کمیٹی کے تمام ممبران بھی ڈائریکٹر جنرل کے ہمراہ ہوں گے۔
کرپشن کے خاتمے کے سلسلے میں عوام کا تعاون بھی درکار ہے۔ اس ضمن میں اگر کسی سرکاری اہلکار نے جان بوجھ کر ناجائز طریقے سے کسی شخص کو سرکاری خزانے سے فائدہ پہنچا یا ہو یا سرکاری خزانے کو نقصان پہنچایاہو یا سرکاری فنڈز غبن کیے ہوں، آمدن سے زائد اثاثہ جات بنائے ہوں ، سرکاری منصوبوں کے ٹھیکے مروجہ قوانین کے مطابق نہ دیئے ہوں یا ایسا شخص یا اشخاص جس نے عوم الناس سے دھوکہ دہی اور منافع کا لالچ دیکر رقم وصول کر کے خرد برد کر لی ہو، ایسے اشخاص جو لوگوں کو ملک سے باہر جا نے کا جھانسہ دے رہے ہوں، کوئی ادارہ یا سوسائٹی جو عوام الناس کو پلاٹ دینے کیلئے منصوبے بنائے اور رقم خرد بردکرے اور کرپشن کے بڑے کیسز میں ملوث افراد کے خلاف شکایات سنیں گے۔ شکایت کنندہ کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنی شکایت تحریری شکل میں ہمراہ شناختی کارڈ کی کاپی اور ابتدائی ثبوتوں (کاغذات وغیرہ)کے ساتھ نیب آفس پشاور تشریف لائیں۔
ڈائریکٹرجنرل نے کہا ہے کہ تمام شکایات پر تحقیقات انتہائی شفاف طریقے سے ہوگی اور ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔


شیئر کریں: