Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی خوراک کمیٹی نے تین لاکھ ٹن گندم کی خریداری کی منظوری دے دی۔ قلندر خان لودھی

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ ) خیبر پختونخوا کی صوبائی خوراک کمیٹی نے سال 2019-20 کے لئے تین لاکھ ٹن گندم کی خریداری کی منظوری دے دی صوبے کی اعلی سطحی خوراک کمیٹی کا اجلاس خیبر پختونخوا کے وزیر خوراک حاجی قلندر خان لودھی کے زیر صدارت پیر کے روز پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ خوراک اکبر خان ڈائریکٹر خوراک سعادت حسن محکمہ خزانہ اور محکمہ قانون کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ کمیٹی کو صوبے میں گندم کے موجودہ ذخیر ہ کے بارے میں بتایا گیا اور وفاقی حکومت کی طرف سے اگلے سال کے لئے تین لاکھ ٹن گندم ٹارگٹ کی خریداری کے حوالے سے تفصیلی غوروخوض کیاگیا وزیر خوراک قلندر خان لودھی نے محکمہ خزانہ اور قانون کے نمائندوں سے مشاورت کے بعد اگلے سال کے لئے تین لاکھ ٹن گندم کی خریداری کی منظوری دے دی اجلاس میں گندم کی خریداری کے لئے محکمہ خوراک کی طرف سے پیش کردہ رہنما اصولوں پر اتفاق کیاگیا صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ ان رہنما اصولوں پر من وعن عمل یقینی بنایا جائے کمیٹی کوبتایا گیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے مقرر کردہ 1300 روپے فی 40 کلوگرام کے حساب سے تین لاکھ ٹن گندم خریدی جائے گی کمیٹی کو مزید بتایا گیا کہ محکمہ خوراک کے پاس اکاؤنٹII میں فنڈز موجود ہیں اور ماضی کے برعکس اس بار خریداری کے لئے بنکوں سے قرضہ لینے کی ضرورت نہیں ہے اور ان فنڈز سے محکمہ خوراک کو پچھلے سال بینک سے 200ملین روپے تک منافع حاصل ہوا ضم شدہ اضلاع کے حوالے سے کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ چونکہ قبائلی اضلاع ، اب خیبر پختونخوا کا حصہ ہیں اسلئے امسال وہاں پر موجود فلور ملز کو بھی گندم فراہم کی جائے گی۔


شیئر کریں: