Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبہ بھرکے سکولوں میں اپریل سے داخلہ مہم شروع کیاجائیگا۔۔۔،مشیرتعلیم ضیاء اللہ بنگش

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ )مشیر تعلیم خیبرپختونخوا ضیاء اللہ خان بنگش نے امسال اپریل میں صوبے بھر کے سرکاری سکولوں میں داخلہ مہم شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ داخلہ مہم کا آغاز ضلع خیبر اور ضلع کوہستان سے کیا جائے گا اورضلع خیبر میں وزیراعظم عمران خان کی بطور مہمان خصوصی شرکت بھی متوقع ہے۔ضیاء اللہ خان بنگش اپریل میں داخلہ مہم اور ’’تعلیم سے عظیم بنو آگاہی مہم‘‘ کا آغاز کرنے اور تعلیمی صورتحال کا جائزہ لینے کوہستان اور تورغر کا دورہ بھی کریں گے جبکہ کوہستان سمیت دیگر پسماندہ اضلاع میں تعلیم سے عظیم بنو آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔تعلیم سے عظیم بنو آگاہی مہم کے ذریعے مقامی افراد کو تعلیم کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے گا اور ہر بچے کو سکول میں داخل کرنے پر زور دیا جائے گا۔ آگاہی مہم میں متعلقہ افسران اور اساتذہ حصہ لیں گے۔مشیرتعلیم خیبرپختونخوانے اس ضمن میں کہاہے کہ خیبرپختونخوا حکومت تعلیمی شعبے میں انقلابی اقدامات اُٹھا رہی ہے اورسکولوں میں داخلہ مہم اگلے مہینے تمام اضلاع میں شروع کیاجائیگااور وہ خود اگلے مہینے کوہستان اور تورغر جیسے پسماندہ اضلاع کا دورہ کریں گے۔ ضیاء اللہ بنگش نے کہاکہ محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا ہر بچے کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات اُٹھا رہی ہے اور بلدیاتی نمائندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ داخلہ مہم کو کامیاب کرنے کے لیے اپنے متعلقہ علاقوں میں اس ضمن میں بھرپور کردار ادا کریں اور اساتذہ اور متعلقہ افسران کے ساتھ مل کر اپنے علاقے کے تمام بچوں کا داخلہ یقینی بنائیں تاکہ صوبے میں شرح خواندگی میں اضافہ کیاجاسکے ۔ انہوں نے کہاکہ بہترتعلیم سے ہی قومیں ترقی کرتی ہیں اور موجودہ حکومت تعلیم کے فروغ کیلئے سنجیدہ کوششیں کررہی ہے ۔


شیئر کریں: