Chitral Times

Apr 16, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبے کے سڑکوں کی بحالی اور تعمیر نو کے حوالے سے وزیراعلیٰ‌کے زیرصدارت اجلاس

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت ایشائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے صوبے میں دیہی سڑکوں کی تعمیر نو و بحالی اور قبائلی اضلاع میں توانائی اور دوسرے منصوبوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ان منصوبوں کو صوبے کے تمام علاقوں تک وسعت دی جائے گی اور سڑکوں کی بحالی اور تعمیر نو کیلئے طریق کار پہلے سے وضع کرنے کی ہدایت کی ۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے صوبے کے مختلف دیہی علاقوں میں مجموعی طور پر 700 کلومیٹر لمبائی کے حامل چار درجن کے قریب سڑکوں کی تعمیر نو و بحالی ممکن بنائی جائے گی ۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 25 کے قریب پلوں کی تعمیر نو و بحالی بھی عمل میں لائی جائے گی ۔ قبائلی اضلاع میں توانائی اور سڑکوں کی بحالی کے مختلف منصوبے بھی ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے تعمیر کئے جائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر Xiaohong Yang اوراُن کی ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیرمواصلات و تعمیرات اکبر ایوب ، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ محمد اسرار، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہزاد بنگش ، کمشنر پشاور شہاب علی شاہ، سیکرٹری فنانس شکیل قادر خان، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلا س کو بتایا گیا کہ قبائلی اضلاع کے صوبے میں انضمام سے وہاں پرنئے منصوبے شروع کرنے کیلئے بہت زیادہ مواقع ہیں جس سے قبائلی اضلاع کو قومی ترقی کے دہارے میں لایا جا سکتا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ نئے اضلاع کیلئے ایک مربوط ترقیاتی پراجیکٹ ڈیزائن کیا جائے جو ان علاقوں میں معاشی احیاء اور ترقی پر مشتمل ہو۔ خصوصی طور پر نئے اضلاع میں زراعت، آبپاشی، زمینداری اور دیگر پیداواری شعبوں کو اٹھانے میں معاون ثابت ہو۔ ہم نئے اضلاع میں جنگی بنیادوں پر ترقیاتی کام کرنا چاہتے ہیں جس کا مقصد وہاں تجارتی اور کمرشل سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ اس سلسلے میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو صنعت کاری اور وہاں موجود قدرتی وسائل کے استعمال کیلئے مراعات دی جائیں گی۔ اجلاس میں کرم تنگی منصوبے کے فیز ٹو پر بھی سیر حاصل بحث ہو ئی ۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ قبائلی اضلاع میں زراعت ، توانائی اور واٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں وسیع مواقع موجود ہیں جس سے صوبے اور قبائلی اضلاع کو ترقی میسر آئے گی ۔ مائیکرور ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کی پائیداری کیلئے ان منصوبوں کو کمیونٹی کے سپرد کیا جائے گا ۔ اجلاس کو مختلف سکولز اور بنیادی صحت مراکز میں سولرائزیشن منصوبوں کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔ سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو نے بتایا کہ دیہی علاقوں میں سڑکوں کی پائیداری کیلئے ماڈل پر کام جاری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ یہ پائیداری ماڈل اور اس کا طریقہ کار مرتب کرکے ایشیائی ترقیاتی بینک کو دیں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے کے پسماندہ اور دیہی علاقوں میں چھوٹی چھوٹی سڑکوں کا جال بچھایا جائے گاجس سے وہاں کے مقامی لوگوں کو مارکیٹ تک پہنچنے میں سہولیات میسر آئیں گی ۔ شمالی علاقہ جات میں سڑکوں کی بحالی و تعمیر نو سے سیاحت کے شعبے کو بہت فروغ ملے گا۔ مختلف اضلاع اور دیہاتوں کوان سڑکوں سے آپس میں منسلک کیا جائے گا۔ مہمند ڈیم منصوبے پر بھی ایشیائی ترقیاتی بینک تعاون فراہم کرے گا ۔ مردان صوابی روڈ کی بحالی و تعمیر نو پر ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے بہت جلد کام شروع کیا جائے گا۔ سولرائزیشن کے منصوبوں کیلئے پروکیورمنٹ ہو چکی ہے اور ان پر کام بہت جلد ممکن بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے عندیہ دیا ہے کہ ان تمام منصوبوں کو حتمی شکل دینے کیلئے اگلے ہفتے اجلاس میں متعدد فیصلے بھی کریں گے ۔
………………………………………………………………………..

پیسکو پشاور اور اس کے گرد و نواح میں بجلی کیبلز کو ایریل بنڈلڈ کیبلز میں تبدیلی کا عمل جلد مکمل کرلے گا۔
پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ ) پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو ) اور نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی ( این ٹی ڈی سی ) نے پشاور اور گرد و نواح میں بجلی کی ناکارہ تاروں کو تبدیل کرکے اے بی سی کیبل بچھانے کا عمل شروع کر دیا ہے ، جو جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ اس امر کا انکشاف اسلام آبا د میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور وفاقی وزیر عمر ایوب خان کی صدارت میں ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔ وفاقی وزیر مراد سعید ، خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، سینیٹر فدا حسین، پیسکو اور ٹیسکو کے چیف ایگزیکٹیو افسران ، ایم ڈی این ٹی ڈی سی اور ان کمپنیوں کے تعمیراتی محکموں کے سربراہان نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو اے بی سی یعنی ایریل بنڈلڈ کیبلز کی ساخت ، اس کے دیر پا ہونے اور اس کی افادیت کے حوالے سے بریف کیا گیا ۔ اجلاس میں صوبے کے دور افتادہ علاقوں بشمول نئے ضم شدہ اضلاع میں بجلی کی فراہمی اور سوات میں دو گرڈ اسٹیشنز کے قیام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ موسم گرما سے پہلے پیسکو دفاتر کے نچلی سطح پر ٹرالی کے ساتھ انونٹری ٹرانسفارمرز کی کافی تعداد فراہم کی جائے گی تاکہ ٹرانسفر میں کسی بھی مسئلے کی صورت میں متعلقہ فیڈنگ ایریا کو بجلی کی فراہمی یقینی ہو سکے دوسری طرف صوبہ بھر میں ٹرانسفارمر بنانے والی کمپنیوں کو بھی فعال کیا جائے گاتاکہ خراب اور متاثرہ ٹرانسفار مر کی فوری تبدیلی یا مرمت کی جا سکے ۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ لوڈ شیڈنگ کی کمی کیلئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں ۔ 16 سے 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کو کم کرکے چار گھنٹوں تک لایا گیا ہے جبکہ بجلی کی چوری بھی پیسکو ، صوبائی حکومت ، کنزیومرز اور عوام کے تعاون سے کافی حد تک کنٹرول کی گئی ہے ۔ اجلاس میں مقامی سطح پر کنزیومرز کے مسائل حل نہ کئے جانے اور اضافی بلوں کے حوالے سے شکایات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کنزیومرز کی شکایات کو مناسب انداز میں دور کرنے کیلئے قابل عمل طریق کار اختیار کیا جائے گا۔ اجلا س میں بجلی چوری اور کنڈ ا کلچر کے خلاف مہم میں عوام کے تعاون کو بھی خصوصی طور پر سراہا گیا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ مقامی عمائدین کے تعاون سے کبل اور مٹہ(سوات ) میں گرڈ اسٹیشنز کے قیام کیلئے زمین کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی ۔
……………………………………………………………………………….

وزیر اعلیٰ‌کی خیبریونین آف جرنلسٹس کی نومنتخب قیادت کو مبارکباد
پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے خیبر یونین آف جرنلسٹس کی نومنتخب قیادت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ پشاور کی صحافی برادری کی منتخب قیادت پہلے سے بڑھ کر کارکن صحافیوں کی فلاح و بہبود اور حقوق کے حصول کے لئے جدوجہد کرے گی۔ وزیراعلی نے خیبر یونین آف جرنلسٹس کے نومنتخب صدر فدا خٹک، جنرل سیکرٹری محمد نعیم، سینئر نائب صدر شہزادہ فہد، نائب صدر شیخ رضوان، جائنٹ سیکرٹری امیر معاویہ اور ایگزیکٹو کونسل کے ممبران کو الیکشن جیتنے پر مبارکباد دی۔ وزیراعلی محمود خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے، حکومت صحافیوں کو درپیش مشکلات سے پوری طرح آگاہ ہے جس کے لئے سنجیدہ اقدامات کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پشاور کی صحافی برادری نے ہمیشہ جمہوریت کا ساتھ دیا ہے اور عوام کو درپیش مسائل کی نشاندہی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
……………………………………………………………………
وزیر اعلیٰ‌کی پشاورزلمی کو کامیابی پر مبارکباد
پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پشاور زلمی کواسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کامیابی پرمبارکباد پیش کی ہے ۔یہاں سے جاری اپنے تہنیتی بیان میں وزیراعلیٰ نے اُمید ظاہر کی ہے کہ پشاور زلمی پی ایس ایل میں اپنی کامیابیوں کا سلسلہ اسی طرح جاری رکھے گی اور پی ایس ایل میں نمایاں کامیابی حاصل کرے گی ۔انہوں نے اس میچ میں ڈیرل سمی اور ڈاسن کی دھواں دار بیٹنگ اور پارٹنرشپ کو بھی سراہا جس کی وجہ سے وہ میچ با آسانی جیت گئے ۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
19407