Chitral Times

Apr 21, 2021

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پاک فوج کے ساتھ یکجہتی اورانڈیاکی جارحیت کے خلاف چترال میں ایک مرتبہ پھر زبردست مظاہرہ

شیئر کریں:

چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) بھارتی جارحیت کے خلاف جمعہ کے روز چترال کے طول وعرض میں ایک مرتبہ پھر احتجاجی جلوس نکالے گئے اور جلسہ منعقد کرکے مودی سرکار کی جنگی جنون کی مذمت کرتے ہوئے اس عز م کا اظہار کیا گیا کہ بیرونی جارحیت کے مقابلے میں پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند متحد ہے۔ دروش، بونی ، وریجون، ایون، مستوج، شاگرام ، گرم چشمہ اور دوسرے مقامات میں‌احتجاجی جلسے منعقد کئے گئے جبکہ چترال شہر میں سب سے بڑا احتجاجی پروگرام اتالیق چوک میں ہوا جس میں نمازجمعہ کے بعد ہزاروں افراد شریک ہوئے اور شہر کے مختلف مساجد کے علاوہ دروش سے بھی قاری جمال عبدالناصر کی قیادت میں جلوس چترال پہنچ کر جلسے میں شرکت کی۔ جلسے سے ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ کے علاوہ ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن، سابق ایم پی اے مولانا عبدالرحمن، تجار یونین کے صدر شبیر احمد، ضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف عبد الطیف ، صدر ڈرائیور یونین صابر احمد، صدر چترال پریس کلب ظہیر الدین، سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار وقاص احمد ایڈوکیٹ،معروف عالم دین مولانا اسرا ر الدین الہلال، قاری جمال عبدالناصر، مولانا ہدایت اللہ، قاضی نسیم، مولانا جاوید اور سول سوسائٹی کے نمائندے حاجی عبدالجلیل، محمد کوثر ایڈوکیٹ اور دوسروں نے خطاب کیا۔ اس موقع پر جہانگیر جگر اور صلاح الدین طوفان نے نظم پیش کی جبکہ بھارتی وزیر اعظم مودی کا پتلا بھی نذر آتش کردیا گیا اور انڈیا کے خلاف نعرے لگائے گئے۔ مقررین نے پاک فوج کی کارکردگی کو سراہا اور فوج کے سپہ سالار جنرل باجوہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ افواج پاکستان نے بھارت پر واضح کردیاکہ وہ کسی بھی بیرونی جارحیت کا منہ توڑجواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ بھارتی جنگی جہاز کو مارگرانے والے پاک فضائیہ کے پائلٹ حسن صدیقی کے لئے مولانا اسرار الدین نے چترالی چغہ اور ٹوپی بھیجوانے کا اعلان کیا۔
اس موقع پر ایکس سولجرز نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ انھیں‌واپس بلوایا جائے تاکہ وہ انڈیا کے خلاف جنگ میں‌حصہ لے سکیں.

اسی طرح گرم چشمہ کے مقام پربھی ایک زبردست مظاہرہ کیا گیا . جس میں‌مختلف مکاتب فکرکے ساتھ ایکس سولجرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی. جن کی قیادت سابق امیدوار برائے صوبائی اسمبلی ریٹائرڈ صوبیدار امیراللہ کررہے تھے. انھوں‌نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایکس سولجرزتیارہیں جس وقت بھی حکومت کو ہماری ضرورت پڑی ہمیں‌بلوایا جائے.




شیئر کریں: