Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سیکیورٹی اداروں اورعوام نے طویل جدوجہد اورقربانیوں کے بعد امن کا حصول ممکن بنایا..وزیراعلیٰ

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترا ل ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا خاتمہ بلاشبہ ایک چیلنج تھا ، ہمارے سیکیورٹی اداروں اور عوام نے طویل جدوجہد اور قربانیوں کے بعد امن کا حصول ممکن بنایا ہم اس عمل کو دیر پا بنانے اور شدت پسندی سے متاثرہ عوام کے بحالی کیلئے کوشاں ہے تاکہ پر امن اور پر سکون ماحول میں تیز تر قومی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے ڈی آر سی صباؤن کا قیام ملک میں امن کیلئے کاوشوں کی اہم کڑی ہے ، جو انتہا پسندی کے رحجانات کے شکار افراد کی بحالی و تربیت میں اہم کردار ادا کررہا ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی ریڈیکلائزیشن سنٹر شاہ کس حیات آباد میں صباؤن ٹو پراجیکٹ کے تحت 110افرادپر مشتمل ساتویں بیچ کی تربیت وبحالی مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

وزیراعلیٰ کے مشیر قبائلی علاقہ جات و ترجمان صوبائی حکومت اجمل خان وزیر ،انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نارتھ میجر جنرل راحت نسیم، سیکٹر کمانڈر شہباز اکبر قاضی، آفیسر کمانڈنگ ڈی آر سی لیفٹیننٹ کرنل سید اورنگزیب احمد، ڈپٹی کمشنر ضلع خیبر، ڈی آر سی صباؤن کے افسران وجوان، خیبر، مہمند، باجوڑ، اورکزئی، اور کرم اضلاع کے مشران نے تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر دہشت گردی کے خاتمے اور امن کی بحالی کیلئے سیکیورٹی اداروں اورعوام کی قربانیوں کو سراہا ، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی پوری قوم کیلئے ایک چیلنج تھا جسکے خلاف جنگ میں ہم نے تاریخی کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ ایسی قوتیں آج پھرمختلف ناموں اور ناپاک عزائم کے ساتھ ہمیں آپس میں تقسیم کرنے کیلئے سر اٹھا رہی ہیں۔ ایسی باطل قوتوں کے خلاف کامیاب آپریشن کے بعد اب حکومت اور پاکستان آرمی عوام کی مدد کے ساتھ ہمہ وقت کوشاں ہے کہ اس علاقے میں خوشحالی کے لئے امن، تعلیم اور صحت کی سہولتوں کے ساتھ ساتھ آپ کیلئے بہتر روزگارمہیا کرنے کے اقدامات کئے جائیں تاکہ ہماری آنے والی نسلیں امن اور سکون کے ماحول میں رہ سکیں اور ملک و قوم کی ترقی میں بھر پور کردار ادا کرسکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈی آر سی صباؤن کا قیام یقیناًملک میں امن کی کاوشوں کی اہم کڑی ہے۔ ڈی آر سی صباؤن پاکستان کا سب سے بڑا بحالی کا ادارہ ہے اور اس میں اب تک 1140 افراد بحالی اور تربیت کیلئے شامل کئے گئے جبکہ 770 افراد فارغ التحصیل ہو کر پاکستان کے پر امن شہری بن چکے ہیں۔دہشت گردی کی مختلف وجوہات ہیں بعض افراد کچھ وجوہات کی وجہ سے دہشت گردوں کے ہتھے چڑھ جاتے ہیں انکی بحالی کے لئے یہ پروگرام متعارف کرایا گیا۔ اس ادارے کی کامیابی میں علاقے کے لوگوں کا تعاون بنیادی اہمیت کا حامل ہے ۔ اب یہ آپ کی معاشرتی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ یہاں سے فارغ التحصیل طلباء کو معاشرے کا مفید شہری بنانے میں اہم کردار ادا کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صباؤن سابقہ فاٹا اور بالخصوص خیبرایجنسی کے دہشت گردی سے متاثرہ عوام کیلئے صرف ایک تعلیمی ادارہ ہی نہیں بلکہ ایک گھر کی مانند ہے جس میں ذہنی ، فنی ، مذہبی ، اخلاقی اور جسمانی نشوونما کی جاتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صباؤن کا اپنے مینڈیٹ سے بڑھ کر معاشرے کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات بڑی حوصلہ افزا بات ہے۔ جس میں ایکٹیو باڑہ سٹیزن (اے بی سی ) پروگرام ، خواتین کیلئے سلائی کڑھائی کے مراکز ، فیکٹریوں میں روزگار کی فراہمی ، خیبر ایجنسی کے عوام کے مسائل جاننے اور حکومتی اقدامات کو ان تک پہنچانے کیلئے ایف ایم ریڈیو پروگرام اور خیبر ایجنسی میں بے روزگار نوجوانوں کیلئے ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹر باڑہ سے فنی تربیت قابل ذکر ہیں۔انہوں نے امید کی کہ اس ادارے سے تربیت حاصل کرنے والے اپنی تربیت اور بحالی کے بعد معاشرے کے نہایت مہذب اور قابل قدر شہری بنیں گے۔ لہٰذا اب ہم سب کا فرض ہے کہ مستقبل میں بھی ان کی رہنمائی اسی طرح جاری رکھیں تاکہ یہ افراد معاشرے کیلئے مشعل راہ بن سکیں اور اس ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ثابت ہوں۔ قبل ازیں تربیت پانے والوں سے حلف لیا گیا اس موقع پر وزیراعلیٰ نے مختلف شعبوں میں حاصل کرنے والے پوزیشن ہولڈر میں انعامات تقسیم کیے، تقریب میں ٹیبلو اور مزاحیہ خاکہ بھی پیش کیے گئے۔ بعدازاں انہوں نے ان فارغ التحصیل افراد کے ہاتھوں سے بنی مختلف مصنوعات بھی دیکھیں۔
ََِِ <><><><><><>

دریں اثنا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سابق گورنر خیبرپختونخوا امیر گلستان جنجوعہ کے انتقال پر انتہائی دکھ کا اظہار کیا ہے۔ یہاں سے جاری ایک تعزیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے مرحوم کی مغفرت کی دعا کی اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ نے سابق ایم پی اے سردار علی خان کے ہمشیر ہ کی وفات پر بھی افسوس کا اظہار کیا انہوں نے مرحومہ کی بخشش کی دعا کی اور غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
اسی طرح انہوں نے ضلع کرم اور دیر بالا کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کیوجہ سے گھروں کی چھت گرنے سے قیمتی انسانوں جانوں کے ضیاع پر بھی انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مشکلات اور آزمائش کی اس گھڑی میں وہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے جاں بحق افراد کی بخشش اور لواحقین کیلئے صبر اور استقامت کی دعا کی۔
<><><><><><><><>


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
19015