Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پاکستان سیٹیزن پورٹل پراب تک 68423 شکایات موصول جن میں 46239شکایات کا ازالہ ہوچکا ہے

Posted on
شیئر کریں:

پی ایم آریو جدید طریقہ کار کے تحت عوام کی شکایات کے ازالے اور حکومتی کارکردگی بہتربنانے کے لئے بھرپور کام کررہی ہے۔چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا
پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ ) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا محمد سلیم نے پی ایم آر یو کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں اسی نوعیت کی مختلف اور جدید ایپس کو متعارف کرایا جائے جس سے شہریوں کے لئے آسانیاں پیدا ہوں گی یہ بات انہوں نے جمعہ کے روزپرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ کے دفتر کے دورہ کے موقع پر کہی۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے توانائی و برقیات حمایت اللہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔کوارڈینیٹر پی ایم آر یو شاہد محمود اورمتعلقہ عملے نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کا مقصد پی ایم آر یو میں جاری سرگرمیوں کا جائزہ لینا تھا۔کوارڈینیٹر پی ایم آر یو شاہد محمودنے چیف سیکرٹری کو مکمل اور زیر التواء پالیسیز، پراسیجرز،گائیڈ لائنز ، ای۔گورننس، ڈسٹرکٹ پرفارمنس مانیٹرنگ فریم ورک ،ریونیو ٹریکنگ سسٹم اورایچ آر سسٹم پر تفصیلی بریفنگ دی۔شاہد محمود نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو بتایا کہ پاکستان سیٹیزن پورٹل پراب تک 68423 شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں 46239شکایات کا ازالہ ہوچکا ہے جو تقریباً 68فیصد بنتا ہے، جس پر عوام نے پاکستان سٹیزن پورٹل خیبر پختونخوا کی کارکردگی کو سراہا ہے۔انہوں نے ریونیو ٹریکنگ سسٹم کے حوالے سے بتایا کہ ریونیو کیس مینجمنٹ سسٹم کے اجراء کا مقصد صدیوں پرانے محکمہ مال کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے،انہوں نے مزیدبتایا کہ اس سسٹم کی بدولت شہری اب اپنا کیس باآسانی ٹریک کرسکیں گے،انہوں نے بتایا کہ اب تک 10660کیسز موصول ہوئے ہیں جن میں 5177کیسز حل ہوچکے ہیں اور باقی کیسز پر کام شروع ہے۔کوارڈینیٹر پی ایم آر یو نے مزید آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے علاوہ ایچ آر ڈیٹا سسٹم بھی متعارف کرایا گیا ہے جس میں تمام سرکاری ملازمین کاسروس ریکارڈ و دیگر ہسٹری کو جمع کیا جاتا ہے جس میں اب تک 305842سرکاری ملازمین کا ڈیٹا درج کیا گیا ہے اس سسٹم کے تحت کیریئر منصوبہ بندی میں بھرپور مدد ملنے کے ساتھ پنشن سے متعلق مسائل بھی اس نظام کے تحت حل ہونگے۔ اس کے علاوہ اضلاع کی سطح پر سرکاری ملازمین کی کارکردگی جانچنے کے لئے ڈسٹرکٹ پرفارمنس مانیٹرنگ فریم ورک سسٹم بھی متعارف کرایا گیا ہے ۔مزید براں چیف سیکرٹری کو بتایا گیا کہ پی ایم آر یو نے دفاتر میں فائلوں کی نقل و حرکت کو دیکھنے اور اس پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کے لئے فائل ٹریکنگ سسٹم متعارف کرایا ہے جس سے کسی بھی شہری کو معلومات حاصل ہوں گی کہ اس کی فائل کن مراحل سے گزری ہے اوراس کے علاوہ فائل کی ٹائمنگ کا اندازہ بھی لگایا جاسکے گا۔شاہد محمود نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو بریف کرتے ہوئے کہاکہ اب تک کل 17177فائلوں کا اندراج کیا گیا ہے جن میں 10809فائلیں حل پذیر ہیں اور 4767فائلیں ابھی زیر التواء ہیں جن پر تیزی سے کام کیاجا رہا ہے ۔اس کے علاوہ تمام محکموں میں ہونے والی انسپکشنز کے لئے کے پی انسپکشن ایپلیکیشن تیار کی گئی ہے جس میں ہر محکمہ اپنی انسپکشن رپورٹس جمع کرائے گا چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو بتایا گیا کہ اب تک کل 5239انسپکشنز کرائے گئے ہیں۔چیف سیکرٹری محمد سلیم نے پی ایم آر یو کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے میں اسی نوعیت کی مختلف اور جدید ایپس کو متعارف کرایا جائے جس سے شہریوں کے لئے آسانیاں پیدا ہوں۔چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ افسران جنہوں نے شکایات کے ازالے میں سستی برتی ہو اور شکایات کو حل کئے بغیر حل کا جواب جمع کیا ہو کی نشاندہی کرکے رپورٹ ان کو پیش کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر عوام کی خدمت کرنی ہے اوراس سلسلے میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے۔


شیئر کریں: