Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چترال کے جنگلات کی بے دریغ کٹائی کو روکنے کیلئے توانائی کے متبادل ذرائع تلاش کررہے ہیں

Posted on
شیئر کریں:

چترال کے جنگلات کی بے دریغ کٹائی کو روکنے کیلئے توانائی کے متبادل ذرائع تلاش کررہے ہیں…وزیرجنگلات
پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ‌) خیبرپختونخوااسمبلی کے اجلاس میں اراکین صوبائی اسمبلی ہدایت الرحمن ،ثوبیہ شاہد ،عنایت اللہ خان نے ماحولیات وجنگلات سے متعلق سوالا ت پیش کئے جبکہ ظفر اعظم ،عنایت اللہ خان نے صنعت وحرفت اور اوقاف سے متعلق سوالا ت پیش کئے ۔وزیر جنگلات اشتیاق ارمڑ نے ضلع چترال کیلئے سالانہ لکڑی کاٹنے کے کوٹے کے بارے میں کہا کہ چترال کی مقامی ضروریات پوری کرنے کیلئے حکومت نے باقاعدہ سالانہ ڈیڑھ لاکھ مکعب فٹ لکڑی کا کوٹہ مقر ر کیا ہے ۔چترال کی آباد ی پہلے سے بڑھ گئی ہے اور آبادی کے تناسب کے حساب سے حکومت کو نئے پرمٹ کی لاتعداد درخواستیں ملی ہیں ۔اس حوالے سے حکومت مقامی آبادی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے توانائی کی متبادل ذرائع تلاش کررہی ہے تاکہ جنگلات کی بے دریغ کٹائی کو روکا جاسکے۔

اس طرح ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے بارے میں وزیر ماحولیات نے کہا کہ لوگوں کی صحت کو محفوظ بنانے کیلئے حکومت نے بھر پور اقدامات اٹھائے ہیں او ر متعلقہ ادارہ تحفظ ماحولیات اور ضلعی انتظامیہ آلودگی کے خاتمے اور صفائی یقینی بنانے کیلئے کا م کررہی ہے ۔بلین ٹری پروگرام کے بارے میں وزیر جنگلات نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ تمام اراکین اسمبلی وقتاً فوقتاًصوبہ بھر بشمول گھڑی چندن میں لاکھوں ایکڑ اراضی پر اگائے گئے پودوں کا معائنہ کریں تو ان کو خود پتہ چل جائے گاکہ حکومت نے جنگلات کے فروغ کیلئے کیا اقداما ت اٹھائے اس کے علاوہ رکن صوبائی اسمبلی ظفر اعظم کے سمال انڈسٹری ڈیویلپمنٹ بورڈ (SIDB)کے تحت ریڈی میڈ گارمنٹس سنٹرزکے قیام کے سوال پر جوا ب دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم خان نے کہا کہ حکومت گھر یلوصنعتوں کے فروغ کیلئے اقدامات کررہی ہے تاکہ ملک سے بے روزگاری کا خاتمہ ہوا ور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے اور معیشت مستحکم ہو سکے ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت گھریلوپراجیکٹس کو فروغ دے رہی ہے ۔سپیکر مشتاق غنی نے اس موقع پر رولنگ دیتے ہوئے تمام ممبران اسمبلی اور اضلاع کے ڈی سی صاحبان کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں گھر وں کی سطح پر قائم چھوٹی صنعتوں کی نشاندہی کریں اور ایک ہفتے کے اندر معاون خصوصی عبدالکریم کو رپورٹ جمع کروا ئیں تاکہ حکومت اس حوالے سے ایک جامع پالیسی وحکمت عملی وضع کرے ۔تاکہ دیگر صوبوں کی طرح خیبر پختونخوامیں بھی گھریلو صنعتیں فروغ پاسکیں اور بے روزگاری میں کمی آئے ۔۔انہوں نے کہا کہ اس سے وومن بزنس ڈیویلپمنٹ سنٹرز کو فروغ ملے گا اور خواتین کو گھر بیٹھے باعزت روزگار فراہم ہوگا۔محکمہ اوقات کی مردان میں ہزاروں کنال اراضی پر قبضہ گروپوں کے حوالے سے عنایت اللہ خان کے سوال کے جواب میں وزیر قانون نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے سپریم کورٹ کے واضح احکامات موجود ہیں جس کی روشنی میں محکمہ اوقاف ضروری کارروائی کررہا ہے صوبائی اسمبلی نے KP Youth affairs managment and disposal Immovable property bill 2019کو ترامیم کے ساتھ پاس کیا ۔اسی طرح اسمبلی نے The Code of civil procedure KPکا ترمیمی بل 2019پاس کیا ۔جبکہ KP Specific Relief کا ترمیمی بل 2019اور Pak- Austria fachhochschule Instiute of applied sciences and Technology Haripurکا بل پیش کیا ۔دریں اثنا صوبائی اسمبلی نے میاں نثار گل کا ضلع کرک کے تیل وگیس کی کمپنیوں کے حوالے سے جبکہ رکن اسمبلی صلاح الدین کا مرغیوں کی قیمتوں، عنایت اللہ خان کا صحت کے حوالے سے اور صاحبزادہ ثناء اللہ کا سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے قراردادیں منظور کیں ۔
سپیکر مشتاق غنی نے اجلاس کو جمعہ 15فروری بوقت 2بجے تک ملتوی کردیا ۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
18760