Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیر اعلیٰ‌کے زیر صدارت داسو ہائیڈروپاور پراجیکٹ، ڈی آئی خان انڈس ہائی وے کی تعمیرنو حوالے اجلاس

Posted on
شیئر کریں:

اسلام آباد(چترال ٹائمز رپورٹ ) داسو ہائیڈروپاور پر اجیکٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی نے بدھ کے روز پراجیکٹ کے فوائد کے بارے میں علاقہ کے باشندگان کو آگاہ کرنے اور حکومت کی طرف سے اُن کی ترقی اور فلاحی پراجیکٹس کے بارے میں آگاہی کے لئے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی مجوزہ سہولیات کا مقصد ایک طر ف علاقے کے لوگوں کو مزید فوائد دینا جبکہ دوسری طرف انہیں اس قومی اہمیت کے حامل پراجیکٹ کی بر وقت تکمیل کے لئے بھر پور معاونت کے لئے راغب کرنا ہے کمیٹی میں دوسروں کے علاوہ علاقے کے ممبر قومی اسمبلی و ممبر صوبائی اسمبلی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو خیبر پختونخوا، کمشنر ہزارہ اور ڈپٹی کمشنر کو ہستان شامل ہوں گے۔داسو ہائیڈروپاور پراجیکٹ کی سٹیڈنگ کمیٹی کا یہ تیرہواں، اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس کی وزیراعلی خیبر پختونحوا محمود خان اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واڈانے مشترکہ طورپر صدارت کی .
اجلاس میں دوسروں کے علاوہ سیکرٹری آبی وسائل، چیئرمین واپڈا، ایس ایم بی آر خیبر پختونخوا ، پی اینڈ ڈی خیبر پختونخو،ا پلاننگ کمیشن اور ورلڈ بینک کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومت نے کئی دفعہ ابتدائی اور مجوزہ امداد فراہم کی ہے لیکن حال ہی میں موجودہ حکومت نے تعلیم، صحت، سڑکوں اور مواصلات کے جامع نیٹ ورک کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جس سے یہاں کے عوام کا معیار زندگی ملک کے دیگر حصوں کے برابر آجائے گا اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ اس اقدام سے یہاں کے عوام کی زندگی میں انقلاب آجائے گا اور ترقی کے اس عمل سے وہ بھر پور استفادہ حاصل کرنے کے قابل ہوسکیں گے۔ اس موقع پر شرکاء نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ بعض مفاد پرست عناصر عوام میں شکوک وشبہات پیدا کرکے ملک کی ترقی میں رکاوٹ کا باعث بن رہے ہیں اجلاس میں مزید سہولیات اور لوگوں کے لئے امدادی پروگرام کی سفارشات وزیر اعظم کو ارسال کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ وہ ملکی نوعیت کے اہم منصوبوں میں مددگار ثابت ہوکر حصہ لے سکیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

CM Photo presding over meeting with Federal Minister communication regarding communication projects

اسلام آباد(چترال ٹائمز رپورٹ ) کوہاٹ سے ڈی آئی خان انڈس ہائی وے کی تعمیر نو اور بحالی کے منصوبے پر کام شروع کرنے کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ منصوبے کے افتتاح کی تاریخ کا حتمی اعلان چند دنوں میں کیا جائے گا۔ اس امر کا انکشاف وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کی زیر صدارت اسلام آبا دمیں مواصلاتی منصوبوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس میں کیا ۔ خیبرپختونخوا کے وزیر مواصلات وتعمیرات اکبر ایوب خان، سیکرٹری مواصلات و تعمیرات خیبرپختونخوا، سیکرٹری کمیونیکشن، این ایچ اے کے اعلیٰ حکام، این ایچ اے کے ممبر نارتھ ، ایم ڈی سوئی نادرن گیس اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس میں انڈس ہائی وے منصوبے پر کام شروع کرنے کیلئے تیاریوں کا خصوصی طور پر جائزہ لیا گیا ۔ پشاور کو بائی پاس کرتے ہوئے مذکورہ ہائی وے تک رسائی کیلئے چمکنی سے بڈھ بیر تک روڈ کی تعمیر نو و بحالی کا کام بھی کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے جنوبی اضلاع میں حادثات اور جانی نقصانات پر مشتمل بار بار ہونے والے حادثات اور مسائل کا نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ منصوبے پر فوری طور پر عمل درآمد شروع کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ انڈس ہائی وے کی تیز رفتار تعمیر نو وبحالی لوگوں کی مشکلات کا مناسب ترین حل ہے ۔ وفاقی وزیر مراد سعید نے بھی انڈ س ہائی وے کی ضرورت اور اہمیت سے اتفاق کیا اور اس کی تیز رفتار تعمیر نو و بحالی میں دلچسپی ظاہر کی ۔ اجلاس میں صوبے کے دور دراز علاقوں کو گیس کی فراہمی اورسڑکوں کے حوالے سے متعدد مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیااور ان مسائل کے حل کیلئے کام کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ کوہاٹ سے ڈی آئی خان انڈس ہائی وے منصوبے کیلئے نہ صرف تمام پیپر ورک تیار ہے بلکہ منصوبے کیلئے وسائل کا بھی اہتمام کیا جا چکا ہے ۔ صرف اس امر کی ضرورت ہے کہ منصوبے کا جلد ازجلد افتتاح کیا جائے ۔ اجلاس میں موٹرو ے سے جمرود ضلع خیبر کو جانے والے پشاور نادرن بائی پاس کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی بھی ہدایت کی گئی اور اس منصوبے کی جلدی تکمیل پر زور دیا گیا ۔ اجلاس میں ہزارہ موٹروے پر ریحانہ انٹرچینج جو کہ اصلی سکیم اور پی سی ون کا حصہ تھا کو بھی بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیاجس کی اوور ہیڈ پل سمیت تکمیل ممکن بنائی جائے گی ۔ اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیاکہ این ایچ اے اور پی کے ایچ اے کے اعلیٰ حکام باہمی جدوجہد کے ذریعے نادرن بائی پاس روڈ پشاور کی جلد تکمیل یقینی بنائیں گے ۔ اجلاس میں صوبے کے دوردراز اضلاع خصوصاً سوات میں مختلف دیہات کو گیس کی فراہمی کے مسائل کا بھی جائزہ لیا گیااور متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ جس علاقے سے گیس پائپ لائن گزرتی ہیں وہاں کے لوگوں کو بغیر کسی امتیاز ی سلوک کے گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔
<><><><><><><>

اسلام آباد(چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ جیکا کی طرف سے حال ہی میں پیش کردہ تعاون کے بہتر استعمال کے لئے بنیادی کام کو جتنی جلدی ممکن ہوحتمی شکل دی جائے۔ جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جیکا) نے سیلابوں، زلزلوں اور دوسری آفات سے صوبے کے متاثرہ دیہی سڑکوں کی بحالی کے لئے تعاون کی پیشکش کی ہے ۔جیکا کے ایک وفد نے بدھ کے روز وزیر اعلی سے اسلام آباد میں ملاقات کی جہاں خیبر پختونخوا کے وزیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان ، سیکرٹری مواصلات و تعمیرات ، چیف اکانومسٹ اور پی ای اینڈ ڈی ڈی کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔حال ہی میں کئے گئے ایک معاہدے کے تحت نیسپاک کو مختلف دیہی سڑکوں کے نٹ ورک کی امکاناتی رپورٹ تیار کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی جو نیسپاک نے ایبٹ آباد اور ہری پور میں مکمل کرلی ہے۔ اجلاس میں نیسپاک کی ایبٹ آباد اور ہری پور کے بار ے میں رپورٹ پر بحث کی گئی جیکا نے اپنے امدادی پروگرام کے تحت اس سٹڈی کے لئے مالی تعاون فراہم کیا۔ تقریباً دو ہزار کلو میٹرز (2000 کلومیٹر) دیہی سڑکیں بحالی اور تعمیر نو کے لئے تجویز کی گئی ہے۔ جن میں سے 600 کلو میٹر سے زیادہ سڑکوں پر کام آئندہ مالی سال میں کیا جائے گا۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ان پراجیکٹس کو صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی اور ایکنگ سے منظور کر لیا جائے گا اور ان پر آنے والے جون سے کام شروع کرنے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی۔ دریں اثناء وزیر اعلی نے صوبے کے دیہی ہسپتالوں کے لئے مشینری اور آلات خریدنے کے مقصد کے لئے جاپانی سفارت خانہ سے کاؤنٹر ویلیوگرانٹ حاصل کرنے کے لئے ایک کیس تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ اب تک یہ فنڈز مفت میں دستیاب ہیں مگر استعمال میں نہیں لائے گئے ہیں۔ وزیر اعلی نے اس موقع پر صوبے کے لوگوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی جن میں بے شمار دیہی سڑکوں ، پلوں، تعلیمی اداروں اور دیہی مراکز صحت اور بنیادی مراکز صحت میں سہولیات شامل ہے کے سلسلے میں جیکا کے تعاون کو بھی سراہا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


شیئر کریں: