Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سرکاری ہسپتالوں میں تعینات بعض چارج نرسز کی نجی ہسپتالوں میں کام کرنیکی شکایات کا نوٹس

Posted on
شیئر کریں:

پشاور( چترال ٹائمزرپورٹ )صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرہشام انعام اللہ خان نے صوبے کے سرکاری ہسپتالوں میں بعض چارج نرسز کیخلاف طویل رخصت کے دوران نجی ہسپتالوں میں کام کرنے کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت کے اعلی حکام سے خیبرپختونخوا بشمول قبائلی اضلاع کے تمام ہسپتالوں میں تعینات نرسز سے متعلق ڈیٹا طلب کرلیا، اس ضمن میں تمام ہسپتالوں کو ڈیٹا فراہم کرنے کیلئے مراسلہ جاری کردیا گیا ہے، پشاور میں جاری بیان میں وزیر صحت نے کہا ہے کہ تمام ڈاکٹرز اور نرسز کو متعلقہ قبائلی اضلاع اور آبائی علاقوں کو بھیجیں گے۔ اس مقصد کیلئے ایچ آر ڈیٹا ترتیب دیاجارہاہے،جس میں تمام ڈاکٹرز اور دیگر عملے کا مکمل ڈیٹااور سپیشلیٹی وغیرہ سے متعلق معلومات محکمہ کے پاس موجود ہوں گی ۔ ڈاکٹرہشام کا کہنا تھا کہ صوبے کے پرائمری اور پریفری سسٹم کو مضبوط کرینگے، تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی کمی پورا کرینگے جبکہ قبائلی اضلاع میں بھی ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانے پر بھرپورتوجہ دی جارہی ہے ۔ ڈاکٹر ہشام نے واضح کیا کہ نئے پاکستان میں ہسپتالوں میں ڈیوٹی سے غفلت کسی طور برداشت نہیں کرینگے، انہوں نے کہا کہ طویل رخصت کے بہانے پرائیویٹ ملازمت کرنے والے ملازمین کیخلاف کارروائی کرینگے، چھٹی کے بہانے سرکاری ملازمین کو پرائیویٹ ہسپتالوں میں کام کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے، یہ اس صوبے کے عوام کیساتھ زیادتی ہوگی کہ بعض ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور نرسز کی کمی کا سامنا ہے جبکہ دوسری طرف چھٹی لیکر بعض ملازمین نجی ہسپتالوں میں کام کررہے ہیں جس سے سرکاری ہسپتالوں میں امور متاثر ہورہے ہیں۔ ڈاکٹر ہشام انعام اللہ کی ہدایات پر سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹرفاروق جمیل اور ڈی جی ہیلتھ سروسزڈاکٹرارشدخان نے صوبے بشمول قبائلی اضلاع کے تمام ہسپتالوں، ایم ٹی ائیزسربراہان، ڈی ایچ اوز اور ایم ایس سے طویل رخصت پر جانے والی نرسزجو نجی پریکٹس کررہی ہوں سمیت تمام نرسز کے نام ، ولدیت، ڈومیسائل اورسرکاری ہسپتالوں کے ہاسٹلوں کودیرسے آنے والی اوربائیومیٹرک میں حاضری نہ لگانے والی نرسز سے متعلق ڈیٹا فراہم کرنے کیلئے مراسلہ جاری کردیا۔ وزیر صحت نے سرکاری ہسپتالوں میں تعینات بعض ملازمین کیجانب سے بائیومیٹرک سسٹم کے باوجود ڈیوٹی پر بروقت نہ آنے کی شکایات کا بھی نوٹس لیتے ہوئے کہ ہدایات جاری کی ہیں کہ ہسپتالوں میں ملازمین کی بائیو میٹرک سسٹم پر حاضری لگانے پرسختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔


شیئر کریں: