Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

توانائی کے تمام جاری منصوبے ہرصورت مقررہ ٹائم لائن میں مکمل کرنے کا فیصلہ

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ )خیبرپختونخواحکومت نے ایک مرتبہ پھرواضح کیا ہے کہ صوبے میں توانائی کے تمام جاری منصوبے معیاری طورپر مقررہ وقت میں ہرصورت مکمل کئے جائیں اوراب کسی بھی قسم کی بے جاتاخیرناقابل برداشت ہے ان خیالات کا اظہار سیکرٹری توانائی محمدسلیم خان نے محکمہ توانائی وبرقیات کے ذیلی ادارے پختونخواانرجی ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن(پیڈو) کے28ویں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے منعقدہ اجلاس میں کیا جو سینئرممبرعبداللہ شاہ کی زیرصدارت منعقدہوا۔اجلاس میں دیگر بورڈ ممبران چیف ایگزیکٹوپیڈوانجینئرذین اللہ شاہ،ڈپٹی سیکرٹری ہوم اکمل خٹک،ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ اخترسعید ترک،سرحدچیمبرآ ف کامرس کے صدرفیض محمد،انجینئرارباب خدادادکے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری توانائی ظفرالاسلام اور جنرل منیجربہادرشاہ نے شرکت کی۔اجلاس میں پیڈوچیف ایگزیکٹوانجینئر نے بورڈ کومحکمے کے انتظامی اموراورصوبے میں جاری توانائی منصوبوں پر جاری پیش رفت کے بارے میں جامع بریفنگ دی۔ اجلاس میں بتایا گیاکہ40.8میگاواٹ کوٹو،11.8میگاواٹ کروڑہ اور10.2میگاواٹ جبوڑی ہائیڈروپاورپراجیکٹس سے مجموعی طورپر63میگاواٹ بجلی پیداکی جائے گی جورواں سال جولائی تک مکمل کرلئے جائے گے جبکہ 4440مساجد کو شمسی توانائی نظام سے منسلک کرنے سمیت بجلی کی نعمت سے محروم صوبے کے پسماندہ علاقوں میں تعمیرشدہ265منی مائیکروہائیڈل سٹیشنزآئندہ چنددنوں میں مقامی کمیونٹیزکے حوالے کردیئے جائیں گے جن سے مجموعی طورپر25میگاواٹ بجلی پیداکی جاسکے گی۔اجلاس میں سیکرٹری توانائی محمدسلیم خان نے پیڈوبورڈکی جانب سے گزشتہ اجلاسوں ہونیوالے تمام فیصلوں پر عملدرآمدImplementationکے بارے میں ممبران کو آگاہ کرنے پر زوردیا اورتجویز دی کہ پیڈوچیف آئندہ بورڈ اجلاس میں تمام فیصلوں پر عملدرآمد کے بارے میں جامع بریفنگ دینگے۔ جس پر تمام بورڈ ممبران نے اتفاق کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری توانائی نے ایک مرتبہ پھرتوانائی کے جاری منصوبوں کے پراجیکٹ ڈائریکٹرز ،ٹھیکہ داروں اور کنسلٹنٹ کو سختی سے خبردارکیا ہے کہ تمام منصوبے دی گئی ٹائم لائن میں ہرصورت مکمل کئے جائیں اورتمام متعلقین کان کھول کرسن لیں کہ اب مزید تاخیرناقابل برداشت ہے انہوں نے ادارے کے فوکل مانیٹرنگ پرسن خان محمد کوتمام توانائی منصوبوں کو روزمرہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کے ساتھ ساتھ محکمے کے سربراہ کو وقتاً فوقتاً آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
18342