Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چترال میں برفباری دوبارہ شروع، بجلی غائب، لواری ٹنل سے آمدورفت جاری

Posted on
شیئر کریں:

چترال ( محکم الدین) بدھ کی رات سے لوئر چترال میں بارش اور برفباری دوبارہ شروع ہوئی ۔ جو کہ گذشتہ روز بند ہو چکی تھی ۔ نئی برفباری سے لواری ٹنل روڈ پر آمدورفت عارضی طور پر معطل رہی ۔ تاہم این ایچ اے کی طرف سے برف صاف کرنے کے بعد ٹریفک دوباہ بحال ہوئی ۔ لیکن پھسلن کی وجہ سے مسافر گاڑیوں کو چلنے میں بہت مشکلات پیش آ رہی ہیں ۔ لواری ٹنل کے علاوہ کالاش ویلز اور شیشی کوہ ویلی میں برفباری زیادہ رہی ۔ جبکہ خلاف معمول اپر چترال کے تورکہو , موڑکہو اور مستوج میں برفباری کی بجائے موسم ابر آلود رہا ۔ لیکن ان مقامات میں دو دن پہلے پڑی ہوئی برف کی کافی مقدار اب بھی موجود ہے ۔ جس نے آمدورفت کی راہ میں کافی مشکلات پیدا کردی ہیں ۔ شاگرام اور بونی پولیس سٹیشن سےحاصل شدہ معلومات کے مطابق انتہائی مجبوری میں لوگ سفر کر تے ہیں ۔ اور آمدورفت نہ ہونے کے برابر ہے۔ گذشتہ تین دنوں سے مسلسل بارشوں , برفباری اور چترال شہر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈ نگ نے دفتری کاموں اور عوامی زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے ۔ شدید سردی اور بجلی کی نایابی نے زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ لیکن چترال میں کوئی بھی ذمہ دار سرکاری آفیسر نہیں۔جو یہ پوچھ سکے۔ کہ آخر اس بجلی کو ہو کیا گیا ہے ۔ صارفین بجلی نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ایم این اے , ایم پی ایز اور پارٹی ذمہ داروں سے مطالبہ کیا ہے ۔ کہ خدا را لوگوں کو ان اداروں کی ظلم و ستم سے نجات دلانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ درین اثنا روز بروز بڑھتی سردی کی وجہ سے ایندھن کی طلب میں اضافہ ہوا ہے ۔ جس سے سوختنی لکڑی فروخت کرنے والوں کی چاندی ہو گئی ہے ۔ اور منہ مانگی قیمت وصول کی جارہی ہے ۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
18169