Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی وزیرشہرام خان ترکئی کی زیر صدارت کچرے سے توانائی پیداکرنے کے حوالے سے اجلاس

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) کچرے سے توانائی پیدا کرنے اور پھر اسے بطور فرٹیلائزر استعمال کرنے کے حوالے سے محکمہ بلدیات اور محکمہ توانائی و برقیات کا نجی شعبہ کے تعاون سے مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کرنے پر اتفاق رائے طے پا گیا۔ اس حوالے سے منگل کے روز محکمہ بلدیات میں وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ کے مشیر توانائی و برقیات حمایت اللہ مایار، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ظاہر شاہ، سیکرٹری پاور اینڈ انرجی محمد کریم خان، سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ خضر حیات، ڈبلیو ایس ایس پیز پشاور اور مردان کے سی ای اوز اور کچرے سے توانائی پیدا کرنے والی نجی کمپنی کے حکام و ماہرین نے شرکت کی۔ اجلاس میں نجی کمپنی کے حکام نے شرکاء کو کچرے کو توانائی اور بعد ازاں کھاد میں بدلنے کے سارے عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ حکام نے بتایا کہ کچرے سے توانائی حاصل کرنے کے لئے کچرے کا معیار جانچنا اور اس کا خاص مقدار میں ہونا ضروری ہے جس کے لئے تحقیق اور وقت درکار ہوتا ہے۔ پشاور اور مردان کی ڈبلیو ایس ایس پیز کے سی ای اوز نے روزانہ کی بنیاد پر شہروں سے اٹھائے جانے والے کچرے کی مقدار اور اسے ڈنپنگ ایریاز تک پہنچانے کے حوالے سے اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کچرے کی مقدار کے حوالے سے سروے کیے گئے ہیں تاہم اس کا معیار جانچنے کے لئے کوئی تحقیق یا سروے نہیں کیا گیا ہے۔ اس موقع پر وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی نے کہا کہ اصل مقصد کچرے کو ٹھکانے لگانا اور پشاور شہر کو صاف رکھنا ہے۔ کچرے سے توانائی اور کھاد کی پیداوار اچھا اقدام ہو گا تاہم اس کے لئے واضح حکمت عملی ترتیب دینا اور پالیسی سازی بنانا ضروری ہے۔ بعد ازاں محکمہ بلدیات، توانائی و برقیات اور نجی کمپنی کے حکام پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو کہ ملک کے دیگر اضلاع جہاں کچرے سے توانائی حاصل کی جا رہی ہے ان کا دورہ کرے گی اور اس حوالے سے تمام معلومات حاصل کرنے کے بعد رپورٹ تیار کرکے آئندہ اجلاس میں پیش کرے گی۔


شیئر کریں: