Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

اساتذہ کی ترقی کیلئے ڈی پی سی کاعمل مکمل ، ترقی کے اعلامیے جلد جاری کئے جائینگے

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ ) ڈائریکٹوریٹ آف ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں صوبے کے تمام اضلاع کے میل و فی میل اساتذہ کی ترقی کیلئے ڈی پی سی کاعمل مکمل ہوگیاہے جس کے تحت ہزاروں اساتذہ کو اگلے گریڈ میں ترقی ملے گی۔ ڈائریکٹر آف ایجوکیشن حافظ محمد ابراہیم کے مطابق پرائمری سکول ٹیچرز کوباالترتیب گریڈ 12 سے 14، گریڈ 14 سے 15 اور گریڈ15 سے گریڈ16 میں ترقی دی جائیگی۔ اسی طرح قاری کو سینئر قاری، سی ٹی کو سینئر سی ٹی، ڈرائنگ ماسٹرز کو سینئر ڈرائنگ ماسٹر، ٹی ٹی کو سینئر ٹی ٹی، پی ای ٹی کو سینئر پی ای ٹی اور اے ٹی کو سینئر اے ٹی کے پوسٹوں پر ترقی دی جائیگی۔ ان اساتذہ کو ترقی کے اعلامیے ضلعی سطح پر چند ہفتوں میں جاری کئے جائیں گے۔ مشیرتعلیم خیبرپختونخوا ضیاء اللہ بنگش نے ترقی کیلئے نامزدگی پر اساتذہ کو مبارکباد دی ہے اور کہاہے کہ وہ اب مزید محنت کرکے طلباء کو پڑھائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں یقین ہے کہ ترقی پاکر ان اساتذہ کے کام اورپڑھانے میں مزید نکھار آئیگا۔ ضیاء اللہ بنگش نے اساتذہ پر زوردیاکہ وہ اپنی تمام تر تر توجہ طلباء کو دیں حکومت ان کے تمام مسائل حل کرر ہی ہے۔ مشیرتعلیم خیبرپختونخوا ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاہے کہ ترقی پانے کے بعد خالی شدہ پوسٹوں پر بھرتی کاعمل بھی جلد ازجلدشروع کردیاجائیگا تاکہ آنے والے تعلیمی سال میں مزید طلباء کو داخلہ دے کر سکول سے باہر طلباء کی تعدا دمیں کمی لائی جاسکے۔ ضیاء اللہ بنگش نے کہاکہ سرکاری سکولوں پر عوام کا اعتماد اس بات کا مظہر ہے کہ میرٹ پر اساتذہ بھرتی ہوئے ہیں۔ تمام اساتذہ کو جدید خطوط پرتربیت دی جارہی ہے، سکولوں میں سہولیات فراہم کئے جارہے ہیں اور نتائج میں بھی بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نئے ضم شدہ اضلاع کے اساتذہ کی ترقی کیلئے بھی ڈی پی سی کا عمل جلد ازجلد شروع کیاجائیگا۔


شیئر کریں: