Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

تمام ڈپٹی کمشنرزذاتی نگرانی میں پولیو مہم کی بھر پور طریقے سے مانیٹرنگ کریں…کمشنرملاکنڈ

Posted on
شیئر کریں:

سوات (چترال ٹائمز رپورٹ ) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام شاہ نے ملاکنڈ ڈویژن کی جملہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے حکام پر زور دیا ہے کہ وہ پولیو کی بیخ کنی کیلئے شدید سردی کے موجودہ سیزن سے پورا فائدہ اٹھائیں اور پورے ڈویژن و ملحقہ ضلع باجوڑ میں بچوں کو دو دو قطرے ویکسین پلائیں انہوں نے کہا کہ جنوری تا مارچ صرف تین مہینوں میں مشینری جذبے سے کام کرکے خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع سے پولیو کا مکمل خاتمہ کرسکتے ہیں انہوں نے اعتراف کیا کہ پولیو مرض سے زیادہ ہمارے لئے قومی ناسور بن چکا ہے جو یہ مسئلہ ہمارے ننھے بچوں کو ہمیشہ کیلئے اپاہج بنا دیتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہم پورے اخلاص سے کوششیں کریں تو نہ صرف پورا ملاکنڈ بلکہ باجوڑ سمیت تمام قبائلی اضلاع اگلے سال پولیو فری بن جائیں گے انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ مقامی سطح پر محکمہ صحت کو فعال بنا کر پانچ سال تک عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانا یقینی بنائیں جبکہ مزاحمت کرنے والوں کے ساتھ سختی سے پیش آئیں اپنے دفتر میں پولیوکے خاتمے کیلئے ڈویژنل ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے کہا کہ حالیہ پولیو مہم فیصلہ کن ہونی چاہئے انہوں نے کہا کہ پولیو سمیت بیشتر امراض کا سبب گندگی ہے ہمیں اسلامی تعلیمات کے مطابق صفائی کی عادت اپنانی ہوگی اور شہروں و قصبوں کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانا ہوگا والدین بھی اپنے بچوں کو صاف ستھرا رکھیں اور پولیو کے قطرے پلاکر عمر بھر کی معذوری سے بچائیں اجلاس میں ملاکنڈ ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز، محکمہ صحت کے سینئر افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی کمشنر نے کہا کہ پولیو وائرس کا خاتمہ 2018 میں یقینی ہونا چاہیے تھا لیکن بد قسمتی سے ایسا نہیں ہوسکا پولیو وائرس کے خاتمے میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہونی چاہیے انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ ذاتی نگرانی میں پولیو مہم کی بھر پور طریقے سے مانیٹرنگ کریں اس سلسلے میں افغان بارڈر بھی کورکر دیا گیا ہے انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کو بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی خدمات احسن طریقے سے انجام دیں اور مہم کے علاوہ بھی لوگوں کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آئیں جبکہ دستیاب ادویات بھی مریضوں کو مہیا کریں انہوں نے تسلیم کیا کہ انتظامیہ کو کئی چیلنجوں اور مشکلات کا سامنا ہے مگر ہمیں نا امید نہیں ہونا چاہیے ہمیں ہر قیمت پر سسٹم کو آگے لے کر جانا ہے انہوں نے مزید واضح کیا کہ عوام کا پیسہ لوگوں پر ہی خرچ ہونا چاہیے اجلاس میں ملاکنڈ ڈویژن کے ای پی آئی ایریا کوآرڈینیٹر خواجہ عرفان نے پولیو خاتمے کے حوالے سے پراگریس رپورٹ پیش کی اور کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کو تفصیلی بریف کیا سید ظہیر الاسلام شاہ نے ملاکنڈ ڈویژن میں پولیو کے خاتمے کے بارے میں رپورٹ کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ تمام متعلقہ حکام آئندہ اس سے بھی اچھا کام کریں گے۔


شیئر کریں: