Chitral Times

Apr 25, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی ٹاسک فورس کی بجلی نادہندہ گان سے2 ماہ کے دوران12کروڑ سے زائد کی ریکوری

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ) وفاقی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں بجلی کے ناجائزاستعمال کی روک تھام اوربقایاجات کی ریکوری کے سلسلے میں خیبرپختونخواحکومت کی نگرانی میں صوبے بھر میں جاری مہم کے دوران 2ماہ کے قلیل عرصے میں 12کروڑروپے سے زائدکی ریکارڈ ریکوری کرلی گئی جبکہ 13کروڑ روپے سے زائد مالیت کے بجلی آلات قبضہ کرلئے گئے۔صوبائی حکومت نے مقررہ اہداف کے حصول کے لئے بجلی کے ناجائز استعمال کی روک تھام اوربقایاجات کی ریکوری میں مزید تیزی لانے کافیصلہ کیاہے جبکہ پیسکوحکام کو بجلی میٹرزکے مطابق بلوں کی ادائیگیاں کرنے والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کادورانیہ کم کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواکے احکامات کے تحت سیکرٹری محکمہ توانائی وبرقیات کی قیادت میں بجلی چوری کی روک تھام اورنادہندہ گان سے ریکوری کے سلسلے میں قائم صوبائی ٹاسک فورس سیل کاخصوصی جائزہ اجلاس سیکرٹری توانائی سلیم خان کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبائی ٹاسک فورس Reporting سیل کے انچارچ ایڈیشنل سیکرٹری ظفرالاسلام، ٹیم لیڈر سیف اللہ خان،کوآرڈینیٹر ملک شجاع خان،پیسکوچیف ڈاکٹرامجد علی خان سمیت ڈی سی پشاورعمران حامد شیخ،ڈی سی سوات سلمان لودھی،ڈی سی بنوں علی اصغر اوردیگراعلیٰ حکام نے شرکت کی۔جائزہ اجلاس میں بتایاگیاکہ بجلی کے ناجائزاستعمال کی روک تھام اوربقایاجات کی ریکوری کے سلسلے میں گزشتہ دوماہ سے جاری مہم کے دوران سب سے زیارہ ریکوری ضلع پشاورسے پونے5کروڑ روپے،ضلع بنوں سے3کروڑ روپے،ضلع لکی مروت سے ساڑھے 3کروڑروپے،ضلع مردان سے15لاکھ روپے،ضلع صوابی سے60لاکھ روپے،ضلع چارسدہ سے44لاکھ روپے،ضلع نوشہرہ سے3لاکھ روپے،ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے12لاکھ روپے،ضلع کوہاٹ سے46لاکھ روپے سے بقایاجات وصول ہوئے،اجلاس میں بتایاگیاکہ مجموعی طورپرنادہندگان سے12کروڑ کی ریکوری اور13کروڑکے بجلی آلات(ٹرانسفارمرز،تاریں وکیبل،ہوک وغیرہ) قبضہ کئے گئے ہیں۔اس دوران کارسرکارمیں مزاحمت کرنے پر371افرادکوگرفتارکرکے انکے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ اجلاس میں ٹاسک فورس کے سربراہ سیکرٹری توانائی محمدسلیم خان نے ہدایات جاری کیں کہ عوام الناس کے ساتھ نرمی سے پیش آیاجائے اورپیسوں کی وصولی کے لئے جرگے اوربات چیت سے مسائل حل کئے جائیں۔انہوں نے پیسکوچیف کو ہدایات جاری کیں کہ بجلی بلوں کی ادائیگیاں کرنے والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کادورانیہ فوری طورپر کم کیا جائے تاکہ عوام مذکورہ مہم کے ثمرات سے مستفید ہوسکیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
17644