Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ملاکنڈ ڈویژن میں کوئی نیا ٹیکس لاگو نہیں ہوگا بلکہ پاٹا کا ٹیکس فری سٹیٹس بحال رہیگا.وزیراعلیٰ

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ )‌ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے میں قانون سازی کے عمل میں تمام تقاضے پیشگی پورے کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کوئی بھی قانون یا بل اسمبلی میں لانے سے پہلے متعلقہ محکموں کے ساتھ شیئر کیا جائے اوروزراء کی پارلیمانی میٹنگ میں پیش کیا جائے تاکہ تمام سٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیاجاسکے اور تمام قانونی پیچیدگیوں اور مشکلات کو پہلے سے حل کیا جا سکے اور عوام میں کوئی غلط تاثر نہ جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا، وزیرقانون سلطان محمد خان، وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی، وزیر مال شکیل احمد، وزیر مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب، ملاکنڈ ڈویژن سے آئے ایم پی ایز، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہزاد بنگش، سیکرٹری خزانہ شکیل قادر،ایڈوکیٹ جنرل خیبرپختونخوااور دیگر متعلقہ سیکرٹریوں نے اجلاس میں شرکت کی ۔اجلاس کو اسمبلی میں زیر التوا متعدد قوانین کے بارے میں مکمل بریفنگ دی گئی ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پاٹا کے حوالے سے جو قوانین اسمبلی میں زیر بحث ہیں اُس سے وہاں پر پہلے سے موجود قوانین پر کوئی اثر نہیں پڑے گابلکہ پہلے سے موجود قوانین کو ایک قانونی کور مل جائے گا۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ مذکورہ قوانین سے ملاکنڈ ڈویژن میں کوئی نیا ٹیکس لاگو نہیں ہو گا بلکہ ان قوانین کے پاس ہونے سے پاٹا کا جو سپیشل ٹیکس فری سٹیٹس ہے وہ مستقل ہو جائے گااور اس کو ایک قانونی حیثیت مل جائے گی۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 247 کے خاتمے کے بعد فاٹا اور پاٹا میں مرکزی اور صوبائی قوانین کی اصولاً توسیع ہوچکی ہے اور سابق پاٹا/ ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکس سے استشنیٰ وفاقی حکومت نے دیا ہے اور یہ سہولت جاری رہے گی اور جوقوانین پہلے سے وہاں موجود ہیں وہ اُسی حالت میں ہی رہیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ کوئی بھی بل اسمبلی میں لانے سے پہلے اسے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ پارلیمانی میٹنگ میں زیر بحث لانا چاہیئے تاکہ عوام میں کسی غلط فہمی کو فروغ نہ ملے کیونکہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کی سہولت اور اُن کو ترقی دلانے کیلئے برسراقتدار آئی ہے نہ کہ اُن کیلئے مشکلات بڑھائے، انہوں نے اس بات کا عندیہ دیا کہ وہ ملاکنڈ ڈویژن میں قوانین کو توسیع دینے کے حوالے سے خود اسمبلی کے فلور پر ان قوانین کی وضاحت کریں گے ۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
17438