Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

بے سہارا لوگوں کو شیلٹر فراہم کرنے کیلئے ڈویژنل سطح پر تیاری مکمل کر چکے ہیں..وزیراعلیٰ

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ یتیموں اور بے سہارا لوگوں کو شیلٹر فراہم کرنے کیلئے ڈویژنل سطح پر تیاری مکمل کر چکے ہیں۔ وویمن چیمبر سے جلد ملاقات کر وں گا۔ آئس اور دیگر نشوں کے خلاف سخت قانون سازی اور اس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ خواتین کے مسائل کے حل کیلئے تجاویز دیں ۔ ان خیالات کا اظہار آج انہوں نے صوبائی اسمبلی میں خواتین ایم پی ایز کے ایک وفد سے بات کر تے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ جمعہ کا دن تمام ایم پی ایز بشمول خواتین ایم پی ایز کیلئے مختص کیا ہے اور صوبائی حکومت تمام صوبائی اسمبلی ممبران خصوصاً خواتین ممبران کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ خواتین ممبران ہمارے لئے قابل قدر و احترام ہیں۔ حکومت ان کے مسائل پر خصوصی توجہ مرکوز کر رہی ہے اور ان کو قومی دہارے میں برابری کے ساتھ شامل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ شیلٹر ہومز کو پورے صوبے میں پھیلایا جائے گااور ہر ڈویژنل سطح پر بے گھر اور بے بس افراد کیلئے شیلٹر ہومز کا اجراء جلد سے جلد ممکن بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ منشیات کی بیخ کنی کیلئے سخت سے سخت قانون سازی کی جائے گی اور اس کو عملاً لاگو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ نشے کے عادی افراد کیلئے ہر ہسپتال میں 12 بیڈز قائم کئے جائیں گے جہاں پر ان کو صحیح علاج و معالجے کی سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ معاشرے کو اس ناسور سے پاک کیا جا سکے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہر بڑے ضلع میں یتیموں اور بے سہارا بچوں کیلئے علیحدہ سکولز قائم کئے جائیں گے تاکہ صوبے میں کوئی بھی بچہ سکول سے باہر نہ ہو ۔ سماجی بہبودکے کاموں کو تمام صوبے میں وسعت دی جائے گی ۔ اُنہوں نے کہاکہ وویمن کراسسز سنٹر ز کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے گا اور اُس میں تمام سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ آئس اور دیگر نشہ آور اشیاء کی روک تھام کیلئے سخت سے سخت قانون بنانے کے عمل کو تیز تر کیا جائے گااور اس پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت بھکاریوں ، یتیموں اور بے سہارا لوگوں پر خصوصی توجہ مرکوز کر رہی ہے اور اُن کی فلاح کیلئے ہر ممکن اقدامات اُٹھا رہی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت خواتین اور خاص کر بے سہارا خواتین کو ہر قسم کی مدد فراہم کرنے اور اُ ن کے مسائل کے حل کیلئے کل وقتی طور پر اقدامات اُٹھار ہی ہے اور اُن کو روزگار فراہم کرنے کیلئے مختلف قسم کے منصوبے حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔انہوں نے صوبائی اسمبلی کی خواتین ممبران کو یقین دلایا کہ ان کی اچھی تجاویز پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ بہت جلد ویمن چیمبرسے ملاقات کر یں گے اور اُن کے مسائل کو غور سے سنیں گے تاکہ ان مسائل کو جلد اور بطریق احسن حل کیا جا سکے ۔
……………………………………………………………………………………….
وزیر اعلیٰ‌نے کلین اینڈ گرین ایب کا افتتاح کردیا
دریں اثنا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پہلے حکمرانی کے امور ، عوامی مسائل اور عوام کوحق اور انصاف کی فراہمی، سرکاری فائلوں میں ایک میز سے دوسری میز کا سفر ہفتوں اور مہینوں میں ختم نہیں ہوتا تھا،اب ہم اس پرانے روایتی نظام سے جدید نظام کی طرف جا رہے ہیں، جس سے حکمرانی اور حکومتی فیصلہ سازی میں عوامی شراکت داری کا پورا عمل مربوط اور سہل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کو ہم انسانی استعداد کارمیں کثیرالمقاصد محرکات سمیت کارکردگی میں ہمہ گیر اضافے کے لئے ضروری سمجھتے ہیں۔ہماری حکومت شفافیت اور میرٹ پر مبنی فیصلوں کے ذریعے کرپشن، بدعنوانی اور اقرباء پروری ختم کرنے کیلئے پر عزم ہے اس حکمرانی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے جس میں جدید ٹیکنالوجی کاکردار انتہائی اہم ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں کلین اینڈ گرین ایپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزیراعلیٰ نے باقاعدو طور پر کلین گرین کے پی ایپ کا افتتاح کیا جبکہ اس موقع پر سینئر صوبائی وزیرتعلیم عاطف خان، صوبائی وزراء شوکت علی یوسف زئی ، شکیل خان ، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کامران بنگش، ضلعی ناظم پشاور محمد عاصم، نائب ناظم پشاور ،متعلقہ سیکرٹریز ،محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی کے حکام ، بلدیائی اداروں کے سربراہان و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کی یہ تقریب کئی حوالے سے منفرد نوعیت کی حامل ہے۔ جدید ٹیکنالوجی نے انسانی فلاح و ترقی اور خوشحالی کے عمل کو سہل بنایا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی نے انسانی زندگی کے ہر پہلو کو جدید خطوط پر استوار کیا اوراس ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا کر انسان نے جدید ترقی کو فروغ دیا جو کہ زندگی کے ہر شعبے کو ترقی کی بلندیوں پر لے گیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں جن مسائل کا سامنا ہے اور سرکاری ادارے مطلوبہ اہداف کے حصول میں ناکا م نظر آتے ہیں ان کے پیچھے یہی عوامل کارفرما ہیں جس نے پورے معاشرے کے ڈھانچے کو ہلا کر رکھ دیا، لیکن ہماری حکومت نے یہ تہیہ کر رکھا ہے کہ ان تمام مسائل کو جدید ٹیکنالوجی کے نظام کو فروغ دے کر کل وقتی طورپر حل کرینگے جس سے نہ صرف معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا بلکہ جدید دنیا کے مد مقابل بھی کھڑ ا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم شفافیت اور میرٹ کی بات کرتے ہیں تو اس سے ہماری مراد انصاف اور جدید تقاضوں پر مبنی نظام ہے۔اس موقع پر انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں اکیڈمیہ کو شامل کرنے کی ہدایت کی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی و سائنس ٹیکنالوجی کوخودمختاری کی طرف آگے بڑھنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گرین اور کلین پاکستان میں ٹیکنالوجی کا استعمال منفرد نوعیت کا حامل ہے جو جدید دنیا میں بھی ارتقائی عمل سے گزر رہا ہے اور پاکستان کی سطح پر بھی ہم آغازکرنے جا رہے ہیں۔ ہم جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اپنے ماحول کو صاف ستھرا بنانے کیلئے عملی طور پرا قدامات اٹھار رہے ہیں اس عمل سے ہم اپنی آنے والے نسلوں کو وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق گرین اور کلین پاکستان کا تحفہ دے سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس جدیدکلین گرین ایپلیکیشن کے استعمال سے ہم روایتی دور سے نکل کر جدید دنیا کی طرف عملی قدم اٹھار ہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کا وژن ہے کہ ملک کو کلین اور گرین بنانا ہے لہٰذا ہمارا صوبہ ملک کا پہلا صوبہ ہے جس نے اس مہم میں عوامی شراکت داری کو یقینی بنانے کیلئے یہ جدید ایپ متعارف کرایا اور اس ٹیکنالوجی کے ذریعے اب عوام اس مہم میں بھرپور حصہ لے سکیں گے اور کلین اور گرین مہم کے حوالے سے اپنی سرگرمیاں اس ایپ پر ڈال سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس ایپ کے ذریعے ہمیں صوبے میں عوامی شکایات بھی موصول ہونگی، انہوں نے مزید کہا کہ جن علاقوں میں متعلقہ ادارے صفائی کا بندوبست نہیں کرتے ان کی کارکردگی اور صفائی کی مہم کو اس ایپ کے ذریعے مانیٹر کیا جائے گا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کامران بنگش نے بتایا کہ مذکورہ ٹیکنالوجی یعنی اس ایپ کے ذریعے کلین اینڈ گرین مہم میں عوامی شراکت داری کو یقینی بنایا جائے گا کیونکہ اس مہم کو عوامی شراکت داری کے ذریعے زیادہ فعال بنایا جا سکتا ہے انہوں نے کہا کہ عوام کلین اینڈ گرین مہم کے حوالے سے اپنی سرگرمیاں اس ایپ پر ڈال سکیں گے جو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور دیگر حکام خود بلاواسطہ ان سرگرمیوں کو دیکھ سکیں گے اور بہترین کارکردگی دکھانے والے شراکت داروں کی حوصلہ افرائی کی جائے گی۔ یہ ایپ ہر کوئی اپنے انڈرائیڈ (andriod) فون پر استعمال کرسکے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت صوبے کے فلاحی اور ترقی کے کاموں میں عوام کی شراکت داری میرٹ پر مبنی فیصلوں اور انصاف کو معاشرے میں پھلنے اور پھولنے کیلئے ہر وقت برسرپیکار رہیگی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے کہ ہر شعبے کو جدید خطوط پر استوار کر کے ترقی کی منازل کو جلداز جلد ممکن بنایا جا سکے ۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
17248