Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

آغاخان ہائیر سکنڈری سکول کوراغ میں یوم قائداعظم کے موقع پر تقریب

Posted on
شیئر کریں:

کوراغ (چترال ٹائمز رپورٹ ) 25دسمبر 2018ء آغاخان ہائیر سکنڈری سکول کوراغ میں یوم قائداعظم نہایت عقیدت و احترام اور جوش وجذبے کیساتھ منایا گیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا ۔ پھر حمد ِباری تعالیٰ اور نعت رسول ؐپیش کی گئیں ۔اس کے علاوہ ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کی گئی بارہویں جماعت کی طالبہ ثریا کوثر نے اپنی تقریر میں کہا کہ قائداعظم ؒ کاخواب تھاکہ اس ملک میں بسنے والا فرد اپنی صلاحیتوں کو بروئے کا ر لاکر اس ملک کو صحیح معنی میں اسلام کا قلعہ بنائیں ، لیکن بدقسمتی سے ہم قائداعظم کے فرمان ”کام ،کام اور بس کام ” کو بھول گئے ہیں اور اپنے ذاتی مفاد کو قومی مفاد پر ترجیح دی ۔اپنی جیبیں بھرنے کے سوا ہمیں کچھ سجھائی نہیں دیتا ۔ اس لیے کشکول لے کر غیروں کے سامنے بھکاری بنے ہوئے ہیں ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آغاخان ہائیر سکنڈری سکول کوراغ کی پرنسپل سلطانہ برہان الدین نے کہا کہ قائداعظم ؒ کی آواز پر برصغیر کے مسلمانوں نے لبیک کہا اور ایک اسلامی ریاست کے قیام کی خاطر ہر طرح کی قربانی دی اور پاکستان وجود میں آیا۔ آج کے دن ہمیں اپنے گریبانوں میں جھانکنا چاہیے کہ قائداعظم ؒ ایمان ، اتحاد اور تنظیم کی جو تعلیم ہمیں دی تھی ،ہم کس حد تک اس پر پورا اتر رہے ہیں ۔قائداعظم کی رحلت کے بعد ہماری نااہلی اور کوتاہیوں کے سبب پاکستان آج شدید مشکلات کا شکار ہے ۔ہم پاکستان کی سربلندی کے لیے یکجہتی سے کام کرنے کے بجائے فرقہ واریت ،لسانی اور علاقہ پرستی کے بکھیڑوں میں پڑگئے ۔ جس کی وجہ سے ہمارا ملک ترقی کے راستے میں پیچھے رہ گیا۔یہی وجہ ہے کہ ملک میں دہشت گردی ، غربت ،جہالت سمیت دیگر مسائل نے جنم لیا۔ توانائی کے بحران کے باعث معیشت تباہ ہوگئی ہے۔ ملک کو اس بحران سے بچانے کےطلبہ کو انتہائی دیانت داری سے کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ طلبہ معمار قوم ہیں اس لیے انھیں اپنی تعلیم پر تمام تر توجہ مرکوز کرنی چاہیے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے ڈیم فنڈ ریزنگ کی جو مہم شروع کی ہے اس میں طلبہ کو بھی اپنی پیکٹ منی (Pocket Money) بچا کر اس اکاونٹ میں جمع کرنا چاہیے۔ ہمیں آج اس بات کاعہد کرنا چاہیے کہ ہم قائداعظم کے فرمان ایمان ،اتحاد اور تنظیم کی روشنی میں اس ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے انتھک جدوجہد کریں تاکہ ہمیں اندرونی اور بیرونی درپیش مسائل سے نجات مل سکیں۔
akhss kuragh quaid day chitral 1

akhss kuragh quaid day chitral 2


شیئر کریں: