Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

نوجوانوں کیلئے نئے منصوبے متعارف کرارہے ہیں….عاطف خان

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ )‌سینئر صوبائی وزیر سیاحت،کھیل، آثارقدیمہ،میوزیم و امور نوجوانان محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا یوتھ ڈیویلپمنٹ کمیشن کے ذریعے نوجوانوں کیلئے نئے منصوبے متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ منصوبوں کو مزید موثر انداز میں آگے لایا جائے گا، یوتھ کمیشن صوبے کی نوجوان نسل کیلئے سماجی، معاشی اور روزگار کے مواقعوں پر کام کررہا ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کے ساتھ ساتھ سابق فاٹا(قبائلی علاقہ جات) کے نوجوانوں کیلئے بھی منصوبے متعارف کرائے جائینگے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوتھ ڈیویلپمنٹ کمیشن خیبرپختونخوا کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر یوتھ اسفندیار خٹک، ڈائریکٹر سپورٹس جنید خان اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں، سینئر صوبائی وزیر عاطف خان نے کہاکہ خیبرپختونخوا یوتھ ڈیویلپمنٹ کمیشن میں نئے ممبران شامل کئے جائینگے جبکہ حیات آباد پشاور میں خواتین کیلئے تفریحی سرگرمیوں کی فراہمی کیلئے خصوصی منصوبہ متعارف کرائیں گے جس کا باقاعدہ پلان یوتھ ڈیویلپمنٹ کمیشن میں خواتین ممبران کے آنے کے بعد منظور کیا جائے گا، انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کیلئے بجٹ میں 5ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جن کو نوجوانوں کے مسائل کے حل پر خرچ کیا جائے گا جبکہ کمیشن کے ممبران مکمل ہونے کے فوراً بعد اگلے ہفتے دوبارہ اجلاس طلب کرینگے، کمیشن کے فورم سے ان منصوبوں پر کام کیا جائے گا جو کہ موجودہ حالات میں مکمل نہیں ہو سکے تاہم ساتھ ہی نوجوانوں کیلئے نئے منصوبے بھی لائے جائینگے، خیبرپختونخوا امپیکٹ چیلنج پروگرام کے ذریعے 50 کروڑ کی لاگت سے 330 سے زائد نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں، یوتھ ڈیویلپمنٹ کمیشن صوبائی وزیر یوتھ آفیئرز کی سربراہی میں نوجوانوں کیلئے مختلف منصوبوں پر کام کررہاہے تاکہ نوجوان نسل کو سماجی، معاشی سمیت دیگر روزگار کے مواقع میسر ہوسکیں۔


شیئر کریں: