Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کالاش ویلی میں جاری چومس فیسٹیول جاری،ایم پی اے کی شرکت، اختتامی تقریب 22دسمبر کو

Posted on
شیئر کریں:

چترال(چترال ٹائمز رپورٹ)کالاش ویلی میں جاری چومس فیسٹیول کی اختتامی تقریب 22 جنوری کو کالاش کے مرکزی مقام بمبوریت میں ہو گی ، تاہم اس سے قبل کالاش کے مقامی ایم پی اے وزیر زادہ نے بھی جاری چومس فیسٹیول میں شرکت کی اور ان کیلئے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا،7 دسمبر سے 22 دسمبر تک منعقد ہونے والے چومس تہوار میں مختلف رسومات ادا کر دی گئیں ، گزشتہ روز شیشہ اورجیسنوک کی رسمیں ادا ہوئیں ، شیشہ رسم میں لڑکے اور لڑکیاں مقدس مقامات پر جا کروہاں اخروٹ اور صنوبر کے درخت کی جھاڑیوں سے صفائی کرتے ہیں اس کے بعد یہ کسی بھی غیر مرد یا عورت جوکہ کیلاش قبیلے کا نہ ہوں اس سے مصافحہ نہیں کرتے اور نہ ملتے ہیں ، اس کے علاوہ جیسنوک رسم میں تین اور پانچ سال کے بچے اور بچیاں اخروٹ کی روٹی ، پھل اور مقامی سطح پر تیار کئے گئے نئے ثقافتی لباس پہنتے ہیں جس کے بعد ان کے بڑے ان کو بھیڑ بکریوں کے تحائف سے نوازتے ہیں ، اس موقع پر ایم پی اے وزیر زادہ نے فیسٹیول کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا اور کہاکہ کالاش قبیلے کا رخ کرنے والے تمام سیاحوں اور غیر ملکی باشندوں کو تمام تر سہولیات فراہم کی جائینگی ، ہماری کوشش ہے کہ کالاش کے تاریخی تہواروں اور ثقافت کو ہمیشہ کیلئے محفوظ بنایا جائے اوراسے عالمی سطح پر متعارف کرائیں، ہر سال ہزاروں کی تعداد میں غیر ملکی اور مقامی سیاح کالاش کے تہواروں سے لطف اندوز ہونے کیلئے یہاں کا رخ کرتے ہیں تاہم صوبائی حکومت ، سینئر صوبائی وزیر سیاحت عاطف خان اور محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کی کالاش قبیلے کے تہواروں کو اجاگر کرنے کی کوششیں قابل ستائش ہیں ،اس سے قبل جاری تاریخی چومس فیسٹیول میں ساوی لیک ہاری تہوار جو کہ خوشیوں کا تہوار اور موسم سرما کی آمد پر منایا جاتا ہے مکمل ہو ا، ساوی لیک ہاری تہوار میں لڑکے لڑکیوں کے کپڑے پہن لیتے ہیں جبکہ لڑکیاں لڑکوں کے کپڑے پہن کر ایک دوسرے کیلئے گانے گنگناتے ہیں اور اس دوران وہ شوہر اور بیوی کے طور پر ایک دوسرے کے ساتھ رقص کرتے ہیں ،اس تہوار میں لڑکے لڑکیوں کیلئے جبکہ لڑکیاں نوجوان لڑکوں کیلئے پیار و محبت کے گانے گاتی ہیں ، یہ تہوار موسم سرما کیلئے خوشی اور امن کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے ۔چترال ٹائمزڈاٹ کام ذرائع کے مطابق فیسٹول کی اخری رسومات میں شرکت کیلئے صوبائی وزراء اوراعلیٰ حکام کی شرکت متوقع ہے۔
kalash festial chomas chitral 3

kalash festial chomas chitral 4

kalash festial chomas chitral 5

kalash festial chomas chitral 6

kalash festial chomas chitral 7


شیئر کریں: