Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی حکومت کا مزید 65 ہزار اساتذہ بھرتی کرنے اورسرکاری سکولوں‌میں سیکنڈ شفٹ کا اعلان

Posted on
شیئر کریں:

معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے سرکاری سکولوں میں سیکنڈ شفٹ بھی شروع کی جائیگی،ضیاء اللہ بنگش
پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ )‌ مشیر تعلیم خیبرپختونخوا ضیاء اللہ خان بنگش نے محکمہ تعلیم میں 65 ہزار مزید اساتذہ بھرتی کرنے اور سرکاری سکولوں میں سیکنڈ شفٹ شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں 17000 ہزار اساتذہ کی بھرتی کا عمل مکمل ہو چکاہے اورمتعلقہ اضلاع کے تمام اْمیدواروں کے آرڈر کچھ دنوں میں جاری کردیے جائیں گے۔یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں مشیرتعلیم خیبرپختونخوا کا کہناہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر محکمہ تعلیم کے سو روزہ پلان کے مطابق آئندہ پانچ سالہ منصوبوں پر عملدرآمد جاری ہے۔ صوبے میں اساتذہ کی کمی کو پورا کر رہے ہیں اور اس کیلئے موجودہ حکومت مزید 65 ہزار اساتذہ بھرتی کرے گی اور اسی سلسلے میں5000 اساتذہ کی تعیناتی کے لیے اخبار میں اشتہار آئندہ دو ہفتوں میں جاری کردیاجائیگا۔ خیبرپختونخوا میں شامل ہونے والے قبائلی اضلاع میں اساتذہ کی کمی کو بھی پوراکرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اورقبائلی اضلاع میں بھی مزید 2500 اساتذہ کی بھرتی کے لیے اشتہارجاری کیاجائیگا اور جلد از جلد تعیناتی کا عمل بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیاجائیگا۔ضیاء اللہ بنگش نے کہاہے کہ شرح خواندگی بڑھانے اور معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے بھی عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور اس ضمن میں سرکاری سکولوں میں سیکنڈ شفٹ شروع کیاجارہاہے ، سیکنڈ شفٹ میں ہر پرائمری سکول میں مڈل، مڈل میں ہائی اور ہائی میں ہائیر سیکنڈری کلاسز کا اجراء کیا جائے گا۔ مشیرتعلیم کاکہناہے کہ ماضی کی حکومتوں نے محکمہ تعلیم میں اساتذہ کی کمی پر توجہ نہیں دی جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے گذشتہ دور میں بھی اس ضمن میں بھرپور اقدامات اٹھائے اور 57000 ہزارہ ٹیچرز بھرتی کیے جبکہ موجودہ حکومت بھی مزید 65000 ٹیچرز بھرتی کرے گی جس سے نہ صرف شرح خواندگی میں اضافہ ہوگا بلکہ معیاری تعلیم کی فراہمی بھی یقینی ہوگی۔ #
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دریں اثنامشیر تعلیم ضیاء اللہ خان بنگش کاپشاوربورڈ ملازمین کے احتجاجی کیمپ کا دورہ، ملازمین سے فوری طور پر ہڑتال ختم کرنے کی درخواست کی اور انہیں تمام جائز مطالبات کی فوری طور پر حل کرنے کی یقین دہانی کرادی۔احتجاجی کیمپ میں موجود ملازمین نے مشیرتعلیم کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر مشیرتعلیم خیبرپختونخوا کاکہناتھا کہ ملازمین اپنی تمام توجہ سرکاری امورکی انجام دہی پر دیں اور ان کے مسائل حل کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ضیاء اللہ بنگش نے اس موقع پر ملازمین کی طرف سے ایک کمیٹی بنانے کے لئے ہدایات بھی جاری کیں جو کہ محکمہ ایجوکیشن کو اپنے مسائل سے آگاہ کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ملازمین کے مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدہ ہے اورملازمین سے احتجاج ختم کرنے کی اپیل کی۔ #


شیئر کریں: