Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سیکریٹری فوڈ محمد اکبرخان کی کوششیں رنگ لےآئیں، شوگرملزمالکان نے کرشنگ کاآغازکردیا

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ )صوبائی حکومت کی طرف سے زمینداروں و کاشتکاروں کے جائز مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے سیکرٹری خوراک محمد اکبر خان کی کوششیں بر آور ثابت ہو گئیں۔ تاندانوالہ شوگر ملز میرن نے کرشنگ کا آغاز کر دیاہے اور کرشنگ سیزن بروقت شروع نہ کرنے کی وجہ سے پیدا شدہ بحرانی کیفیت کا خاتمہ ہو گیا ہے جبکہ دیگر ملیں بھی فوری طور پر کرشنگ شروع کر دیں گی۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری خواراک خیبر پختونخوا نے آج دوپہر تاندانوالہ شوگر مل میں فیتہ کاٹ کر اور کرشنگ کیلئے گنے کی فراہمی شروع کر کے باقائدہ طور پر کرشنگ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر فوڈ(کین کمشنر) ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرڈیرہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ خوراک ڈیرہ اور جی ایم تاندیانوالہ شوگر مل بھی انکے ہمراہ تھے۔کرشنگ کے باقائدہ آغاز کے بعد سیکرٹری خوراک نے مل کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔ اس دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں شوگر ملز میں کرشنگ سیزن کا بروقت آغاز نہ ہونے سے بحرانی کیفیت پیدا ہو گئی تھی اس کے حل کیلئے صوبائی حکومت نے ہنگامی اقدامات اٹھاتے ہوئے شوگر ملوں میں کرشنگ سیزن کا فوری آغاز کرنے کا فیصلہ کیا جسکے مثبت نتائج برآمد ہوئے اور اﷲ کے فضل سے آج سے کرشنگ سیزن کا باقائدہ آغاز ہو گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرشنگ سیزن کے بروقت آغاز نہ ہونے کی وجہ سے کاشتکاروں کی بے چینی بڑھ رہی تھی مگر اب حکومت کے بروقت اقدامات سے تمام شوگر ملوں میں بالترتیب کام کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ملز انتظامیہ کے تمام مسائل بھی بتدریج حل کیے جائیں گے۔ صوبائی سیکرٹری خوراک نے کہا کہ گنے کے کاشتکاروں اور ملز انتظامیہ کا اس سلسلے میں تعاون ازحد ضروری ہے کیونکہ دونوں فریق جب تک اپنے روابط کو خوشگوار نہیں بنائیں گے انکا کام نہیں چلے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ کیلئے ایسی پالیسی مرتب کی جائیگی کہ آئندہ کسی ڈیڈ لاک کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ملز اپنے مقررہ وقت پر نہ صرف اپنا کرشنگ سیزن شروع کر سکیں بلکہ حکومت کی طرف سے مقرر کردہ کم سے کم قیمت پر فوری ادائیگیوں کو بھی یقینی بنایا جائے۔

Secretary Food akbar khan KP inougurated shogar cussing

دریں اثنا سیکرٹری فوڈ خیبر پختونخوا محمد اکبر خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت گنے کے کاشتکاروں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور خصوصاً ڈیرہ اسماعیل خان کی شوگر ملوں میں کرشنگ سیزن شروع کرنے میں گہری دلچسپی لے رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج المعز شوگر مل میں کرشنگ سیزن کے افتتاح کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ صوبائی ڈائریکٹر فوڈ سعادت خان، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نذیر الرحمان کے علاوہ اے ایف سی راشد خان سدوزئی، کین انسپکٹر چوہدری خلیق، فوڈ انسپکٹر جنید خان کے علاوہ جنرل منیجر المعز شوگر مل بلال بھٹی و دیگر افسران بھی موجود تھے۔قبل ازیں صوبائی سیکرٹری خوراک اور ان کے عملے کا المعز شوگر ملز پہنچنے پرپرتپاک استقبال کیا گیا۔ انہیں المعز شوگر ملز کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کروایا گیا۔ انہیں چینی بنانے کے پراسسز کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا اور پاور ہاؤس، بوائلرز، فرنس پمپس، لفٹ پمپس، سنٹرل کنٹرول روم، ڈیٹا کنٹرول سسٹم و دیگر شعبہ جات کا دورہ بھی کروایا گیا۔ملز انتظامیہ نے سیکرٹری خوراک کو اپنے مسائل سے بھی آگاہ کیا جس پر انہوں نے مسائل کو جلد حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر سیکرٹری خوراک نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ڈیرہ اسماعیل خان میں شوگر ملوں کیلئے کرشنگ سیزن فوری طورپر شروع کر کے بحرانی کیفیت کے خاتمے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں گزشتہ روز تاندلیانوالہ شوگر مل میں کرشنگ سیزن کا افتتاح کیا گیا اور اسی طرح آج المعز شوگر مل میں بھی کرشنگ کا آغاز کیا جا رہا ہے جبکہ کل چشمہ شوگر ملز میں بھی کرشنگ شروع کر دی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ شوگر ملوں کیلئے کرشنگ سیزن میں بندش کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔ جسطرح صوبائی حکومت نے 180روپے فی 40کلو گرام کا نرخ مقرر کیا ہے اس پر ہر صورت میں عملدرآمد کو یقینی بنایا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ زمینداروں کا کردار ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور اسے کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ ملز انتظامیہ اور گنے کے کاشتکار وں کو تمام معاملات باہمی افہام و تفہیم سے حل کرنے چاہیئیں اور انتظامیہ کیلئے امن و عامہ کے مسائل سے گریز کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ شوگر ملوں سے بہت سے لوگوں کا روزگار وابستہ ہے ملوں کی بندش سے انہیں مسائل و پریشانیوں کا سامنا ہوتا ہے ۔


شیئر کریں: