Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

محکمہ ثقافت کا صوبائی سطح پرروایتی اتنڑ رقص اورلوک موسیقی کے مقابلوں کا اعلان

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ ) خیبر پختونخوا کے محکمہ ثقافت نے صوبائی سطح پر روایتی اتنڑ رقص اور رباب منگے (لوک موسیقی) کے مقابلوں کا اعلان کیا ہے.یہ اعلان خیبر پختونخواہ کے سینئر وزیربرائے کھیل,ثقافت,سیاحت اور امور نوجوانان عاطف خان نے صوبے کی ثقافت کو فروغ دینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری کلچر بابر خان اور ڈائریکٹر کلچر شھباز خان سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔سینئر وزیر نے محکمہ ثقافت کے حکام کو اس سلسلے میں بھرپور تیاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے آنے والے دو مہینوں کے اندر اندر اتنڑ اور رباب منگے کے مقابلوں کے انعقاد کی ہدایت کی۔یہ مقابلے ضلعی سطح ڈویژنل اور صوبائی سطح پر منعقد کیے جائیں گے۔مقابلوں میں پہلے دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والوں کو نقد اور دیگر انعامات سے نوازا جائے گا۔اتنڑ اور رباب منگے کے مقابلوں میں خیبر پختون خوا کے علاوہ بلوچستان اور افغانستان سے بھی نوجوان حصہ لے سکیں گے۔اتنڑ خیبر پختونخوا خاص طور پر جنوبی اور قبائلی اضلاع,بلوچستان اور افغانستان کا روایتی رقص ہے جسمیں نوجوانوں کے علاوہ بچے اور بوڑھے بھی کافی دلچسپی لیتے ہیں اور اسے پاکستان کے علاوہ باہر ممالک میں بھی کافی پذیرائی حاصل ہے۔سینئر وزیر عاطف خان کا کہنا ہے کہ ثقافت ایک قوم کی پہچان ہوتی ہے اور دنیا میں وہ اقوام ترقی کرتے ہیں جو اپنی ثقافت کو زندہ رکھے ہوئے اتنڑ اور رباب منگے ہماری ثقافت کے اہم جزو ہیں۔صوبائی سطح پر اتنڑ اور رباب منگے کے مقابلوں کا انعقاد صوبے کی ثقافت کو فروغ دینے کیساتھ ساتھ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا اور دنیا کو پختون قوم کا مثبت رخ دکھا نا ہے۔


شیئر کریں: