Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کالاش قبیلے کی ثقافت کو محفوظ بنانے کیلئے کمیٹی قائم، 15کروڑ روپے کی منظوری

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(نمائندہ چترال ٹائمز )خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے سیاحت ثقافت ارکیالوجی کھیل ونوجوانان امور عاطف خان نے کیلاش قبیلے کی ثقافت کو محفوظ بنانے اور چترال میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے ڈائرکٹر آرکیالوجی کی سربراہی میں کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیاہے کمیٹی فرینڈ ز آف کیلاش،مقامی آبادی اور یونیسکو کے نمائندوں پر مشتمل ہوگی جو ایک مہینے کے اندر اندر کیلاش قبیلے کی ثقافت کو محفوظ بنانے اور چترال میں سیاحت کو فروغ کے لئے سفارشات تیار کرکے پیش کریگی۔یہ فیصلہ کیلاش کلچر کو محفوظ بنانے اور چترال میں سیاحت کو فروغ دینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں کیا گیا ہے۔اس موقع پر کیلاش قبیلے سے تعلق رکھنے والے ممبرصوبائی اسمبلی وزیر زادہ، محکمہ سیاحت کے ایڈیشنل سیکٹری بابر خان،منیجنگ ڈائریکٹر مشتاق احمد اور ڈائریکٹر آرکیاکوجی بھی موجود تھے۔اجلاس میں کیلاش قبیلے کے تین وادیوں رمبور،بمبوریت اور بریر میں محکمہ آرکیالوجی کی اجازت کے بغیر تعمیراتی کام پرمکمل پابندی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔۔اجلاس میں کیلاش قبیلے کی قبرستان،عبادت گاہوں اور کیلا ش کی خوبصورتی کے لئے 15کروڑ روپے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔سینئر وزیر نے کہا کہ کیلاش قبیلے کے نوجوانوں کو باروزگار بنانے کے لئے خیبر پختونخوا امپیکٹ چیلنج پروگرام کے تحت ترجیحی بنیادوں پر گرانٹ بھی فراہم کیے جائیگے۔سینئر وزیر نے کہا کہ کیلاش میں روایتی کھیلوں کے فروغ کے لئے سپورٹس گراونڈ بنائے جائینگے۔اسکے علاوہ کیلاش فیسٹول چاوموس کے لئے محکمہ سیاحت کو ہر قسم کی تیاری کرنے اور اس سلسلے میں کیلاش قبیلے کیساتھ بھرپور تعاون کی ہدایت کردی۔سینئر وزیر نے محکمہ آرکیالوجی کو کیلاش قبیلے کی تاریخی گاوں جنجریت کی بحالی اور اسے خوبصورت بنانے کے احکامات بھی جاری کئے۔


شیئر کریں: