Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پی پی اے ایف کے قابل تجدید توانائی پروگرام کی بین الاقوامی سطح پر پذیرائی

Posted on
شیئر کریں:

اسلام آباد (چترال ٹائمز رپورٹ ) پاکستان پاورٹی ایلیوئیشن فنڈ (پی پی اے ایف) نے اپنے کمیونٹی منیجڈ سولر انرجی منی گرڈ سسٹمز پر بین الاقوامی سطح کا شہرت یافتہ انرجی انسٹی ٹیوٹ (Energy Institute) 2018 ایوارڈ حاصل کرلیا ہے۔ یہ ایوارڈ خیبر پختونخواہ کے اضلاع صوابی ، کر ک اور لکی مروت میں لگائے گئے 60 منی گرڈز سے ہونے والے مثبت اثرات کی پذیرائی میں دیا گیا ہے، جن کی تنصیب 2016 سے2017 کے دوران جرمن ڈیولپمنٹ بینک (KfW) کی جانب سے فراہم کی گئی اس رقم سے عمل میں آئی جس کا انتظام جرمنی کی وزارتِ اکنامک کارپوریش اور ڈیولپمنٹ نے کیا تھا۔

پی پی اے ایف توانائی کے جدید، کم لاگت، قابل بھروسہ اور پائیدار ذرائع استعمال کر کے عالمی سطح پر ہونے والے ماحولیاتی اثرات سے نبرد آزما ہونے کیلئے نمایاں اقدامات کر رہا ہے ۔ اس نے2003 سے اب تک پندرہ سال کے عرصے میں 1,000سے زائد منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے۔ان منصوبوں میں چھوٹے ہائیڈرو الیکٹرک پلانٹس، مقامی سطح پر شمسی توانائی اور شمسی گھروں کے نظام، ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے پروجیکٹس، سولر۔ ہائبرڈ سسٹمز، شمسی واٹر پمپنگ پروجیکٹس اور بائیو گیس پلانٹس شامل ہیں۔ان منصوبوں کی تکمیل کیلئے عالمی بینک امریکی محکمہ زراعت اور جرمن ڈیولپمنٹ بینک کے ایف ڈبلیو کے ذریعے جرمنی کی وزارتِ اکنامک کارپوریش اور ڈیولپمنٹ نے مالی معاونت فراہم کی۔

کے ایف ڈبلیو سے حاصل ہونے والی 10 ملین یوروز کی مالی معاونت سے پی پی اے ایف نے ہائیڈرو پاور اور قابل تجدید توانائی (Hydropower and Renewable Energy project) کے منصوبے پر کام کررہا ہے۔ آلودگی سے پاک توانائی فراہم کرنے کے ساتھ یہ منصوبہ مقامی علاقوں میں معاشی سرگرمیوں میں بھی معاون ہے اور روزگار کے مواقع پیدا ہونے سے 13 ہزار افراد کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب کر رہا ہے ۔

803کلو واٹ کی مجموعی صلاحیت کے حامل پانچ مائیکرو اور منی ہائیڈرو پاوور منصوبے چترال، بونیر، اور بالائی دیر میںKW 36 سےKW 306 تک بجلی فراہم کر رہے ہیں۔ 68 سولر لائٹنگ سسٹمز (Solar Lighting Systems) کے ساتھ لکی مروت، کرک اور صوابی کے اضلاع میں مجموعی گنجائش 500kW ہیں جن پر پی پی اے ایف اور اسکے شراکتی اداروں کی جانب سے کام کیا جارہا ہے۔

قابل تجدید توانائی کے ان معاشرتی منصوبوں سے موثر اور دیرپا فوائد کے حصول کیلئے پی پی اے ایف مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کرتا ہے تاکہ مقامی مردوں اور خواتین میں آگاہی پیدا کی جا سکے۔

پی پی اے ایف کے چیف ایگزیکٹو آفیسر قاضی عظمت عیسیٰ نے کہا، “ماحولیاتی تبدیلی پر قابو پانے کے لئے قابل تجدید توانائی انتہائی موثر ذرائعوں میں سے ایک ہے۔ پی پی اے ایف دیر پا ترقی، مختلف طریقوں سے توانائی کی فراہمی، ماحولیات کا تحفظ اور معاشی ترقی کے لئے قابل تجدید توانائی کی اہمیت پر یقین رکھتا ہے۔ ان اقدامات پر عمل درآمد کی ضرورت صرف ملکی سطح پر نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی ضروری ہے تاکہ وسیع پیمانے پر مثبت ماحولیاتی اثرات مرتب ہوں ۔”

انرجی انسٹی ٹیوٹ ایوارڈز کامیابی کا اعتراف کرنے کے لئے پائیداری اور جدت کو مدنظر رکھتا ہے اور مقامی آبادیوں کو منفرد اور مثالی انداز سے پائیدار خدمات سے مستفید کرنے کے ذریعے انکی توانائی کے مسائل حل کرنے کے لئے کاروباری اور انفرادی سطح پر اقدامات اٹھانے پر ہر سال کاوشوں کا اعتراف کرتی ہے۔ رواں سال بھارت، پاکستان، نائیجیریا، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ملائیشیا، ہانگ کانگ، آسٹریلیا، امریکہ، کینیڈا اور بہت سے یورپی ممالک سمیت تقریبا 29 ممالک سے ای آئی ایوارڈز کے لئے 120 سے زائد اندراج موصول ہوئے تھے۔


شیئر کریں: