Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

آغا خان ایجوکیشن سروس، پاکستان کے زیر اہتمام کراچی میں ریجنل کانفرنس کا انعقاد

Posted on
شیئر کریں:

ڈائمنڈ جوبلی سے ڈائمنڈ جوبلی تک فیض کا سفر، آغا خان ایجوکیشن سروس، پاکستان کے زیر اہتمام کانفرنس

کراچی(چترال ٹائمز رپورٹ ) دی آغا خان ایجوکیشن سروس، پاکستان کے زیر اہتمام سلطان محمد شاہ ، آغا خان اسکول، کریم آباد،کراچی میں ایک ریجنل کانفرنس منعقد ہوئی۔ اس کانفرنس کا مقصد پرنس کریم آغاخان کی ڈائمنڈ جوبلی کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔ اس کانفرنس کے ذریعہ 113 سال سے پاکستان میں تعلیم کے میدان میں آغاخان اسکول کی کاوشوں کی عکاسی کی گئی جس کی بنیاد 1905 گوادر میں سر سلطان محمد شاہ آغاخان سوم نے رکھی تھی۔ آغاخان اسکولوں کے ذریعے ملک بھرمیں اب تک 160 اسکولوں کے ذریعے 42,000طلباء کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جا چکا ہے۔

اس کانفرنس کابنیادی موضوع طلباء (خصوصاًسندھ) کی جانب سے کیاگیا ایک مطالعہ تھا جس میں سر سلطان محمد شاہ آغا خان سوئم کے ہاتھوں،سنہ۱۹۰۵ء میں ، گوادر، بلوچستان ،میں قائم ہونے والے پہلے آغا خان اسکول سے آج تک سندھ میں قائم ہونے والے آغا خان اسکولوں کا جائزہ لیا گیا تھا۔ اس مطالعہ میں، تعلیم کے لیے مقرر کیے گئے قومی اہداف کے حصول میں اس قابل تعریف اعانت کو بھی اجاگر کیا گیا تھا جو ان اداروں نے حکومت کو فراہم کی تھیں۔ سندھ میں آغاخان اسکول میں بچوں کی انرولمنٹ میں ایک خاصہ اضافہ ہوا۔ جو1950میں 80بچوں سے بڑھ کر اب 9600 ہو چکا ہے۔ پچھلی چند دھایوں میں اساتذہ کی تربیت میں کی گئی سرمایہ کاری سے اساتذہ کی تعداد کافی حد تک بڑھ گئی ہے جس میں سے 60فیصد پوسٹ گریجوئیٹس شامل ہیں۔ اور ساتھ ہی ساتھ طلباء کی کامیابی 97 فیصد بڑھ گئی ہے۔ کامیاب ہونے والوں میں 60فیصد بچے اچھے نمبروں سے نمایاں پوزیشنز لیتے ہیں اور جن میں10 میں سے 4بچے میڈکل یونیورسٹیز میں داخلہ لیتے ہیں۔

اس کانفرنس میں سندھ کے گورنر عمران اسمعیل نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ، سرکاری افسران اور دی آغا خان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک (اے کے ڈی این) کے نمائندوں، ممتاز اسکالروں،ماہرین تعلیم، آغا خان انسٹی ٹیوشنز کے المنائی، ممتاز پیشہ ور افراد اور سول سوسائٹی کے اراکین پر مشتمل250سے زائد افراد نے شرکت کی۔ دی آغا خان ایجوکیشن سروس، پاکستان دی آغا خان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک کی ایجنسی ہے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر عمران اسمعیل نے کہا،’’دی آغا خان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک (اے کے ڈی این) کی پاکستان کے ساتھ ایک طویل شراکت ہے۔ پاکستان میں،آغا خان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک کی ایجنسیوں نے تعلیم، صحت، سماجی ترقی اور دیگر میدانوں میں قابل قدر خدمات انجام دی ہیں۔ احترام، تنوع، تکثیریت، ایمانداری، دیانتداری، انصاف پسندی ، اور سب سے بڑھ کر ، ضرورتمندوں کی خدمت کا جذبہ مثالی ہے۔‘‘

دی آغا خان ایجوکیشن سروس، پاکستان کے بڑے تعلیمی نیٹ ورکس میں سے ایک ہے۔ یہ متنوع اسکولوں کی نمائندگی کرتا ہے جن میں دیہی آبادیوں میں قائم اسکولوں سے لے کر جن میں 100سے بھی کم طلباء و طالبات ہیں بڑے شہری اسکولوں تک جن میں3000 سے بھی زیادہ بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں، شامل ہیں۔

اسمعیلی کونسل برائے پاکستان کے صدر، حافظ شیر علی نے کہا،’’گزشتہ60 برسوں سے، ہز ہائنس پرنس کریم آغا خان،دی آغا خان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک کے ذریعہ دنیاکے انتہائی غیر اہم اور انتہائی نادار ملکوں کے لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے انتھک کام کر تے رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا،’’سب سے بڑھ کر یہ کہ اے کے ڈی این اُن آبادیوں کو ’اعتماد‘،’ یقین‘ اور’ امید‘ دے رہا ہے۔‘‘ آغا خان ایجوکیشن سروس، پاکستان کے طلباء و طالبات نے بورڈ کے امتحانا ت میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ان میں سے بعض نے، بالخصوص ملک کے دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات نے، مزید تعلیم کا حصول جاری رکھا ہے اور پی ایچ ڈی کے پروگراموں میں بھی انرولمنٹ کرائی ہے۔ آغا خان ایجوکیشن سروس، پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، امتیاز مؤمن نے کہا،’’تعلیم اور امپاورمنٹ کی جو بنیاد۱۰۰ برس قبل رکھی گئی تھی، آ ج پھل دے رہی ہے اور ،پور ے پاکستان میں،آغا خان اسکولوں سے ہزاروں افراد تعلیم حاصل کرچکے ہیں اور کامیاب زندگی بسر کرنے کے علاوہ ملک اور اپنی آبادیوں کے لیے بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔‘‘


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریں, گلگت بلتستانTagged
15954