Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

شکایات کے ازالے کیلئے محکمہ معدنیات پشاور میں کمپلینٹ سیل قائم کردیا گیا

Posted on
شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر معدنیات خیبر پختونخوا ڈاکٹر امجد علی خان نے جمعرات کے روز محکمہ معدنیات پشاور میں ایک کمپلینٹ سیل کا افتتاح کیا جہاں پر ٹیلیفون، ای میل، فیس بک اور وٹس ایپ کے ذریعہ ہر قسم کی شکایات وصول ہونے کے بعد اس پر ضروری کاروائی کی جائیگی۔ کمپلینٹ سیل کے قیام کا مقصد محکمہ معدنیات اور اس کی کارکردگی میں شفافیت لانا اور اسے صوبے اور عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کے قابل بنانا ہے۔ اس کمپلینٹ سیل کے فون نمبر 0919211153، 0919211146، وٹس ایپ نمبر 03485794348، ای میل ایڈریس complaintdgmm@gmail.com اور فیس بک آئی ڈی DGMMCOMPLAINTCELL پر عوام شعبہ معدنیات کے حوالے سے ہر قسم کی شکایت بلا کسی خوف و ڈر کے درج کرا سکتے ہیں۔ شکایت کنندہ کی شناخت کو صیغہ راز میں رکھا جائیگا۔
کمپلینٹ سیل کے افتتاح کے موقع پر باتیں کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نہایت خلوص دل اور ایمانداری کے ساتھ کوشش کر رہی ہے کہ سرکاری محکموں کے معاملات سے ہر طرح کی بدعنوانی اور بے ضابطگیوں کو ختم کرکے انہیں ملک اور قوم کی ترقی اور خوشحالی کا ضامن بنایاجا سکے۔
انہوں نے اس موقع پر محکمہ معدنیات کے افسران اور اہلکاروں کو ایک درد مندانہ اپیل کی کہ وہ موجودہ حکومت کے تبدیلی کے ایجنڈے میں اپنے حصے کا اخلاص اور محنت شامل کرکے ملک اور قوم کے ساتھ وفاداری کا ثبوت دیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کا مقصد سرکاری مشینری کو تنگ کرنا ہر گز نہیں۔ ڈاکٹر امجد نے کہاکہ اگر سرکاری مشینری موجودہ حکومت کی نیت کو سمجھ سکے تو وہ اس طرح کے اقدامات پر ہر گز ناخوش نہیں ہوگی۔
اگر سرکاری محکموں کے معاملات درست سمت میں چلنا شروع ہو گئے تو پھر ہر طرف خوشحالی کا دور دورہ ہوگا۔ ہر کوئی جائز ذرائع میں خوشحالی اور سکون کی زندگی گزار سکے گا اور کسی کو بھی ناجائز ذرائع تلاش کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ڈاکٹر امجد نے کہا ہے کہ اگر ھم نے معدنیات کے شعبہ کو ایمانداری سے چلانے کی کوشش کی تو صرف یہی محکمہ ہی پورے صوبے کے اخراجات کو پورا کرنے کے قابل ہو سکے گا۔
اس موقع پر معدنیات کے ڈائریکٹر جنرل منتظر خان اور دوسرے تمام افسران نے ڈاکٹر امجد علی کی درد مندانہ اپیل پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت وقت کے خلوص کا جواب خلوص، ایمانداری اور انتھک محنت سے دینگے اور اپنے محکمے کو مثالی انداز میں چلانے کی کوشش کرینگے اور اسے کرپشن فری ادارہ بناکر ثابت کرینگے کہ ان کے ضمیر ابھی زندہ ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
15501