Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چیف سیکریٹری کی زیرصدارت پولیوکے خاتمے حوالے سے اعلیٰ‌سطح اجلاس

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ )خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری نوید کامران بلوچ کی صدارت میں پولیو کے خاتمے سے متعلق ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس بدھ کے روز پشاور میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں انسداد پولیو کے لئے وزیر اعظم کے فوکل پرسن بابر بن عطا ء ، وزیر صحت ہشام انعام اللہ خان ، ممبران صوبائی اسمبلی کامران بنگش اور فضل الٰہی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شامل شدہ قبائلی علاقہ جات سکندر قیوم ، سیکرٹری صحت ، صوبہ بھر کے کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں انسداد پولیو کے لئے کام کرنے والے اداروں اور عالمی ادارہ صحت کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔اجلاس کا مقصد پولیو کے خاتمے سے متعلق آئند مہم ،صوبے میں پولیو سے متعلق معلومات اور منصوبہ بندی پر تفصیلی غور کرنا تھا۔اجلاس میں پولیو کی خاتمے کے لئے کام کرنے والے فیلڈ ورکرز کو درپیش مسائل ،ماضی کے تجربا ت،مستقبل کے چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے لئے تجاویز اور اقدامات پر تفصیلی بحث ہوئی اور آئندہ پولیو مہم کو مزید مستحکم بنانے کے لئے فیلڈ افسروں کی تجاویز کو تفصیلی گفت و شنید کے بعد نئے پلان میں شامل کیا گیا۔
اس موقع پرپشاور خاص طور پر شاہین مسلم ٹاؤن اور باجوڑ میں پولیو کی وائرس کے بارے میں شرکاء اجلاس نے خصوصی بحث کی اور اسی بحث میں اجلاس میں موجود عوامی نمائندوں ، ڈپٹی کمشنر پشاور اور باجوڑ کی تجاویز اور خیالات پر خصوصی طور پر توجہ دی گئی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ وہ ان علاقوں میں پولیو کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات اٹھائیں ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ خصوصی جغرافیائی اور معاشی اہمیت کی وجہ سے پشاور میں پولیو کے مکمل خاتمے میں مشکلات پیش آئی ہیں جس پر توجہ کے لئے ملکی اور بین الاقوامی تجربات سے استفادہ کیا جارہا ہے اور آئندہ چھ ماہ میں پولیو کے خاتمے کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرصحت ڈاکٹر ہشام اللہ خان نے صوبائی حکومت اور محکمہ صحت کی طرف سے ہر قسم تعاون فراہم کرنے کا یقین دلاتے ہوئے شرکاء سے کہا کہ محکمہ صحت کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے لئے اپنی تجاویز فوری طور پر محکمہ صحت کو بھجوائیں تاکہ پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے اقدامات اٹھانے میں کوئی کثر باقی نہ رہے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کام مشکل نہیں اگر ہم ایمانداری کے ساتھ اپنی ذمہ دارریوں کو انجام دیں ۔فیلڈ افسروں کی طرف سے تجربات کی بنیاد پر دی گئی نئی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نوید کامران بلوچ نے اجلاس کے شرکاء پر زور دیا کہ آئندہ چھ ماہ میں صوبے سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے کسی بھی اقدام سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور اس سلسلے میں تمام سرکاری مشینری کو اپنی توانائیاں مکمل طور پر صرف کرنا ہوں گی انہوں نے تمام ذمہ داروں کو باہم روابط مضبوط بنانے کیلئے ہدایات بھی دیں اور کہا کہ موجودہ حکومت ہر صورت پولیو کا خاتمہ چاہتی ہے۔
KP Chief Secretary meeting on Polio Eradication


شیئر کریں: