Chitral Times

Apr 25, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پیڈوبورڈ کا اجلاس،صوبے میں پن بجلی منصوبوں پر تاخیرکے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

Posted on
شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ ) خیبرپختونخواحکومت نے صوبے میں اپنے وسائل سے پن بجلی کی پیداوارکے جاری منصوبوں پر کام کی سست رفتاری پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے منصوبوں پر تاخیرکے ذمہ داروں کے خلاف تادیبی کارروائی کرنے کافیصلہ کیا ہے جبکہ توانائی کے شعبے میں کارپوریٹ نظام کو ناقابل عمل قراردیا ہے ۔موجودہ حکومت کے 100روزہ پلان پر ہرصورت عملدرآمد کرتے ہوئے توانائی کے جاری تمام منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندرمکمل کرنے اور محکمہ توانائی میں اصلاحات لاتے ہوئے اسے مزید منافع بخش ادارہ بنانے کا عزم دھریاگیاہے۔اس سلسلے میں پختونخواانرجی ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن (پیڈو)کا 25واں بورڈ آف ڈائریکٹرزکااجلاس زیرصدارت چیئرمین بورڈ صاحبزادہ سعید احمدمنعقدہوا۔اجلاس میں سیکرٹری توانائی سلیم خان،ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ،ڈپٹی سیکرٹری ہوم اکمل خٹک،پیڈوچیف انجینئرذین اللہ،سرحد چیمبرآف کامرس کے سینئرنائب صدرسعدخان،عبداللہ شاہ،فواداسحاق،ارباب خداداداوربہادرشاہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ توانائی کے ذیلی ادارے پیڈوکے انتظامی امورپر زیرحاصل بحث کی گئی اورفیصلہ کیا گیا کہ ادارے کی کارکردگی کومزید بہتربنانے کے لئے پیڈوایکٹ اوررولزمیں فوری طورپر ترامیم کی جائیں گی ۔چترال ٹائمزڈاٹ کام ذرائع کے مطابق اجلاس میں بورڈ کے بیشترممبران کی طرف سے ادارے میں جاری کارپوریٹ سیکٹر کی مخالفت کرتے ہوئے اسے ناقابل عمل اوراس نظام کو بنیادی حقوق کے منافیConflict of Interests قراردیا ہے کیونکہ اس میں مارکیٹ سے لئے گئے لوگوں کی خدمات بھاری مراعات اور لاکھوں روپے تنخواہوں کے عوض لی جاتی ہیں جبکہ غیرتسلی بخش کارکردگی کے باعث یہ نظام صوبے کے دیگراداروں میں بھی ناکام ثابت ہواہے۔ اجلاس میں سیکرٹری توانائی سلیم خان نے پن بجلی کے جاری منصوبوں پر تاخیرکے بارے میں بورڈ کو آگاہ کیا ۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹوپیڈوانجینئرذین اللہ شاہ کو ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ منصوبوں پربلاوجہ تاخیرکرنے والے ذمہ داروں جن میں پراجیکٹ ڈائریکٹرز،ٹھیکہ داراورکنسلٹنٹ کی نشاندہی کرکے بورڈ کو آگاہ کریں تاکہ انکے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے۔ چترال ٹائمز ذرائع کے مطابق اجلاس میں Solarizationیعنی شمسی توانائی کے مختلف منصوبوں کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ اس حوالے سے بورڈ ممبران نے ان منصوبوں کو محکمہ بلدیات کے سپرد کرنے کی تجویز دی اور اتفاق کیاگیا کہ باقاعدہ منظوری کے بعد ان منصوبوں کو منتقل کیا جائے گا۔ اجلاس میں پیڈوکے نئے چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کے حوالے سے بھی طویل غوروخوض کیا گیا اوراتفاق کیا گیا کہ پیڈوایکٹ میں ترامیم کرکے ادارے کے لئے ایک بہترین اورتجربہ کارافسرکو تعینات کیا جائے گا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
15048