Chitral Times

Apr 23, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

زندگی ایک عظیم نعمت کے موضوع پرگرلز ڈگری کالج بونی میں سمینار

شیئر کریں:

بونی (نمائندہ چترال ٹائمز )چترال کے نوجوانوں میں خود کشی کا رجحان خاندانی نظام کی کمزوری، اسلامی تعلیمات سے دوری ، اقدار کو فراموش کرنے اور باہمی رابطوں کے فقدان کے باعث بڑھ رہا ہے۔ زندگی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے علمائے کرام، اساتذہ، والدین اور معاشرے کے دانشور طبقے کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار گرلز ڈگری کالج بونی میں ضلعی انتظامیہ اور ماہنامہ شندور کے اشتراک سے منعقدہ سمینار سے خطاب میں مقرر ین نے کیا۔ زندگی ایک عظیم نعمت ‘‘کے موضوع پر سمینار سے خطاب میں کالج کی پرنسپل سیدہ نگہت پروین نے موضوع کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے چترال کے اس سلگتے مسئلے کو زیر بحث لانے پر ضلعی انتظامیہ، ماہنامہ شندور اور علمائے کرام کے کردار کو سراہا۔ تقریب سے خطاب میں ڈسڑکٹ خطیب مولانا فضل مولیٰ نے کہا کہ زندگی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے۔ اسلام نے خود کشی کو حرام قرار دیا ہے۔ سمینار سے خطاب میں شاہی مسجد چترال کے خطیب مولانا خلیق الزمان نے والدین کی خدمت کو زندگی میں کامیابی کی کنجی قرار دیا اور کہا کہ کامیاب زندگی گذارنے والے کبھی مایوس نہیں ہوتے ۔کیونکہ مایوسی انسان کو اپنی زندگی کا چراغ گل کرنے پر مجبور کرتی ہے۔ سینئرالواعظ سید امیر شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ انسان کی زندگی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہی نہیں بلکہ انسان کے پاس اللہ کی امانت ہے جس کی حفاظت کرنا انسان کا فرض ہے۔ ماہر نفسیات شازیہ بی بی اور ناہیدہ نے صحت اور نفسیات کے باہمی تعلق پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے جسمانی صحت کے ساتھ ذہنی صحت کا خیال رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ محترمہ سلطانہ بی بی نے خود کشی کے بڑھتے ہوئے واقعات میں میڈیا کے مثبت اور منفی کردار پر روشنی ڈالی۔ سابق پرنسپل نوشابہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ حد سے زیادہ توقعات رکھنا ایک بنیادی مسئلہ ہے۔ توقعات پوری نہ ہونے پر انسان مایوس ہوتا ہے اور اپنی زندگی ختم کرنے پر تل جاتا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر مستوج عنایت اللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ چترال کے اس سلگتے ہوئے مسئلے کا مل بیٹھ کر باہمی مشاورت سے حل تلاش کرنا چاہئے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر نے انہیں آگاہی مہم جاری رکھنے کا ٹاسک دیا ہے۔ اس موضوع پر سمینار، مذاکرے ، ریلیاں اور آگاہی واک کا اہتمام کیا جائے گا۔انہوں نے خود کشی کے سنگین مسئلے کو موثر طور پر اجاگر کرنے پر میڈیا کی تعریف کی اور ماہنامہ شندور کی کوششوں کو سراہا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے تقریب کے شرکاء کو توصیفی اسناد بھی دیئے اور خطیب شاہی مسجد کی طرف سے طالبات میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔

ggdc booni seminar on suicide 7
ggdc booni seminar on suicide 8
ggdc booni seminar on suicide 6
ggdc booni seminar on suicide 3
ggdc booni seminar on suicide 2

ggdc booni seminar on suicide 11
ggdc booni seminar on suicide 1


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
14403