Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

خسرے کی بیماری کے خلاف مہم کی تیاریوں کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس میں جائزہ اجلاس

شیئر کریں:

چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) خسرے کی بیماری کے خلاف مہم کی تیاریوں کا جائزہ اجلاس ڈپٹی کمشنر چترال خورشید عالم محسود اور چترال سے قومی اسمبلی کے رکن مولانا عبدالاکبر چترالی کے زیر صدارت بدھ کے روز منعقد ہوا جس میں ای پی آئی کوارڈینیٹر ڈاکٹر فیاض رومی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ 15اکتوبر سے 27اکتوبر تک جاری رہنے والی اس 12روزہ مہم میں ضلعے کے تمام چوبیس یونین کونسلوں میں مہم چلانے کے لئے 131ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ مہم کی مانیٹرنگ کے لئے مربوط نظام وضع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 9ماہ سے لے کر 5سال تک کے عمر کی بچوں اور بچیوں خسرہ سے بچاؤ کا ٹیکہ لگانے کے لئے فکسڈ سنٹروں کے علاوہ موبائل ویکسینیشن ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ تمام یونین کونسلو ں کے لئے مایکرو پلاننگ بنائی گئی ہے اور عوام تک اس مہم کی اہمیت واضح کرنے کے لئے آئمہ مساجد اور دوسرے کمیونٹی لیڈروں کی خدمات حاصل کئے جائیں گے جبکہ مہم سے ایک دن پہلے تمام علاقوں میں لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اعلانات کئے جائیں گے۔ اس موقع پر ڈی۔ سی چترال خورشید عالم محسود نے محکمہ صحت کو ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ سوفیصد ٹارگٹ تک پہنچنے میں کوئی کسر نہ چھوڑ ا جائے اور مہم کی سوفیصدکامیابی کو یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے بعض یونین کونسلوں میں مایکرو پلان میں پائی جانے والی خامیوں کو بھی جلد ہی دور کرنے کی ہدایت دے دی۔ ایم این اے مولانا عبدالاکبر چترالی نے کہاکہ خسرے کے خلاف اس مہم میں ہمیں بڑھ چڑھ کر ایک جذبے کے ساتھ حصہ لینا چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ مختلف بیماریوں کے خلاف ٹیکہ جات کے بارے میں پھیلائی جانے والی بعض منفی پروپیگنڈوں کے خلاف کان دھرنے کی ضرورت نہیں اورہمیں ان افواہوں کی توڑ کے لئے آئمہ مساجد کی خدمات حاصل کرنی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پولیو سمیت دوسری بیماریوں کے خلاف مہمات میں حصہ لینا ہم سب پر فرض ہے تاکہ ہم ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کرسکیں جس پر آئندہ نسل کا انحصار ہے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر ڈاکٹر افتخار ، اے کے ایچ ایس کے ریجنل پروگرام منیجر معراج الدین ، ایڈیشنل ڈی سی منہاس الدین اور مختلف محکمہ جات کے افسران اور مہم کے لئے یونین کونسل لیول پر ذمہ داران موجود تھے۔
anti khosra ijlas33


شیئر کریں: