Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

قرمبر نیشنل پارک کو حقیقی معنوں میں پارک بنائیں گے،…..چیف سیکریٹری جی بی

Posted on
شیئر کریں:

اشکومن(کریم رانجھا) قرمبر نیشنل پارک کو حقیقی معنوں میں پارک بنائیں گے،گلیشئیرز کے حوالے سے پراجیکٹ لانچ کررہے ہیں جس کے تحت ریڈار کے ذریعے سیلاب کی صورتحال کو مانیٹر کیا جائے گا،سیلاب سے متاثرہ رہائشی مکانات اور اراضی کے معاوضے ایک ماہ کے اندر ادا کردئے جائیں گے،علاقے کو آفت زدہ قرار نہیں دے سکتے اور نہ ہی متاثرین کے بنکوں کے قرضے معاف ہوسکتے ہیں،برصوات روڈ کو ای ٹی آئی کے ذریعے مکمل کرائیں گے۔چیف سیکریٹری گلگت بلتستان بابر حیات تارڈ نے بلہنز کے مقام پر سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب کے بعد پیدا ہونے والے صورتحال کے بارے میں پل پل کی خبریں لیتا رہا ہوں ،علاقے کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں ۔سیلاب سے متاثر ہونے والے گھرانوں اور اراضی کا سروے مکمل ہو چکا اور ایک مہینے کے اندر اندر معاوضوں کی ادائیگی کی جائے گی۔برصوات روڈ کو ای ٹی آئی کے ذریعے مکمل کرایا جائے گا،قرمبر نیشنل پارک کو حقیقی معنوں میں پارک کا درجہ دے کر جنگلی حیات کا تحفظ یقینی بنائیں گے جس سے علاقے کی معیشت بہتر ہوگی،ہیلتھ کارڈز کا اجراء بھی جلد ہی ہوگا،مجاور کے مقام پر جی بی سکاؤٹس کی چوکی کو ہٹانے کے بارے میں متعلقہ حکام سے بات چیت کریں گے،علاقے کی آبادی کے تناسب سے گندم ڈپو کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔قبل ازیں متاثرین سیلاب کی جانب سے سپاسنامہ پیش کیا گیا جس میں علاقے کو آفت زدہ قرار دینے،متاثرین کے بنکوں کے قرضے معاف کرنے،متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی،ان کے بچوں کے لئے سکالر شپس،علاقے میں ہیلتھ کارڈ کا اجراء،مجاور کے مقام پر موجود جی بی سکاؤٹس کی چوکی ہٹانے،بالائی علاقوں تک روڈ کی تعمیر ،سیلاب سے متاثرہ مقامات پر حفاظتی بند کی تعمیر سمیت متعدد مطالبات شامل تھے۔
ان مطالبات پر چیف سیکریٹری کا کہنا تھا کہ سیلاب آکے گزر گیا ادارے اپنا کام کررہے ہیں اس لئے علاقے کو آفت زدہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔متاثرین کے قرضے معاف نہیں ہوسکتے البتہ قسطوں کی ادائیگی کے دورانئے میں رعایت دی جاسکتی ہے،متاثرین کے زیر تعلیم بچوں کو سکالر شپ نہیں دے سکتے البتہ وہ طلبہ جو متعلقہ معیار پر پورا اترتے ہوں ان کو سکالر شپ دیا جاسکتا ہے،ایمت کے مقام پر سب تحصیل کے قیام کے سلسلے میں اقدامات کئے جائیں گے،علاقے میں مواصلات کا نظام بہتر بنانے کے لئے موبائل ٹاورز نصب کئے جائیں گے۔بعدازاں چیف سیکریٹری نے سیلاب کے باعث بننے والے مصنوعی جھیل کا دورہ کیا جہاں مقامی افراد سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جھیل کے آس پاس ٹوریسٹ ہٹس کی تعمیر کے لئے چھوٹے قرضے فراہم کئے جائیں گا تاکہ علاقے میں سیاحت کو فروغ ملے اور مقامی لوگوں کی معاشی حالت بہتر ہو۔
chief secretary gb food distribution


شیئر کریں: