Chitral Times

Apr 23, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

واپڈا نے گولن گول تیمرگرہ ترسیلی لائن مکمل کر لی، نیشنل گرڈ کو آزمائشی بنیاد پر بجلی کی فراہمی شروع

شیئر کریں:

لاہور (چترال ٹائمز رپورٹ )‌ واپڈا نے ایک اور اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے پیدا ہونے والی بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کرنے کے لئے گولن گول ۔ تیمرگرہ ترسیلی لائن مکمل کر لی ہے ۔180 کلو میٹر طویل یہ ترسیلی لائن پاکستان کے سب سے دشوار گزار پہاڑی سلسلوں سے گزرتی ہے ، جہاں موسمی حالات شدید ترین ہوتے ہیں ۔ مذکورہ ترسیلی لائن کے لئے بلند اور برف پوش پہاڑی چوٹیوں سمیت مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 706ترسیلی ٹاورز نصب کئے گئے ہیں ۔ اِن ترسیلی ٹاورز میں 141 ٹاورز 132کلو وولٹ جبکہ 565ٹاورز 220 کلووولٹ کے ہیں ۔ مذکورہ ترسیلی لائن کا بلند ترین ٹاور 10 ہزار 312 فٹ کی بلندی پر لواری ٹاپ کے مقام پر نصب کیا گیا ہے ۔ چترال ٹائمز کو موصولہ پریس ریلیز کے مطابق پاکستان میں اِس سے قبل اتنی بلندی پر ترسیلی ٹاور کبھی نصب نہیں کیا گیا ۔

golen bijili

2007 ء میں پاور ونگ کی تنظیم نو کے بعد اگرچہ ترسیلی لائنوں کی تعمیر واپڈا کی ذمہ داری نہیں ہے تاہم واپڈا نے گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لئے ترسیلی لائن کی تعمیر کو ایک چیلنج کے طور پر لیا اور اِسے کامیابی کے ساتھ مکمل کرکے فعال بھی کر دیا ہے ۔ گولن گول سے تیمر گرہ تک ترسیلی لائن فعال ہونے کے بعد گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کو نیشنل گرڈ سے منسلک کیا جاچکا ہے ۔ منصوبے کے دوسرے یونٹ سے آزمائشی بنیاد پر نیشنل گرڈ کو بجلی فراہم کی جارہی ہے ۔ سٹینڈرڈآپریٹنگ پروسیجر کے تحت پراجیکٹ کے دوسرے یونٹ کو اِس کی انتہائی پیداواری صلاحیت یعنی 36میگاواٹ سمیت مختلف لوڈ پر چلایا جارہا ہے ۔

golen gole inauguration

قبل ازیں گولن گول ہائیڈرو پاورپراجیکٹ کا پہلا یونٹ اِس سال جنوری میں آپریشنل ہونے کے بعد سے چترال شہر اور اِس کے نواحی علاقوں کو واپڈا کی جانب سے تعمیر کئے گئے متبادل انتظام کے تحت بجلی فراہم کر رہا ہے۔ مذکورہ یونٹ سے چترال کی بجلی سے متعلق تمام ضروریات پوری کی جارہی ہیں ۔گولن گول سے بجلی کا پیداواری عمل شروع ہونے کے بعد سے اب تک صارفین کو33 ملین یونٹ بجلی مہیا کی جاچکی ہے ۔منصوبے کا تیسرا اور آخری یونٹ بھی مکمل کیا جاچکا ہے، اِس یونٹ سے بھی بجلی کی پیداوارجلد شروع ہو جائے گی ۔
golengole hydro porject chitral 25
گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ صوبہ خیبرپختونخوامیں چترا ل کے قریب دریائے مستوج کے معاون دریا گولن گول پر تعمیر کیا گیا ہے ۔ منصوبے کے تین پیداواری یونٹ ہیں ، ہر یونٹ کی پیداواری صلاحیت 36 میگاواٹ ہے منصبوبے کی مجموعی پیداواری صلاحیت 108 میگاواٹ ہے ، منصوبہ ہر سال قومی نظام کو اوسطاً 436 ملین یونٹ بجلی مہیا کرے گا ۔ منصوبے کے سالانہ فوائد کا تخمینہ تین اعشاریہ سات ارب روپے ہے ۔

golen gole elctricity


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریں, گلگت بلتستانTagged
13890