Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبے میں بہتر تعلیم کی فراہمی کیلئے تمام اساتذہ کے ماہانہ جائزہ ٹیسٹ لئے جائیں گے۔۔ضیا ء اللہ بنگش

Posted on
شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیرتعلیم ضیاء اللہ بنگش نے کہاہے کہ مالی سال 2018-19میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیساتھ عوامی فلاح وبہبود کے نئے منصوبے بھی شروع کئے جائیں گے۔ جبکہ تعلیمی بجٹ میں اضافے اورنئے شامل ہونیوالے اضلاع میں تعلیم کی بہتری کیلئے وزیرخزانہ سے بات چیت کی جائیگی تاکہ محکمہ تعلیم کوبروقت ریلیز یقینی ہوسکیں۔ وہ پشاورمیں محکمہ تعلیم کی مالی سال 2018-19 کے بجٹ کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ سیکرٹری ایجوکیشن ارشدخان اورڈائریکٹرایجوکیشن فریداللہ خٹک اوردیگربھی اس موقع پر موجودتھے۔ ضیاء اللہ بنگش نے کہاکہ محکمہ تعلیم میں عوام بہت جلدبڑی تبدیلی دیکھ سکیں گے۔ انہوں نے ڈائریکٹرایجوکیشن کوہدایات جاری کیں کہ صوبے میں بہتر تعلیم کی فراہمی کیلئے تمام اساتذہ کے ماہانہ جائزہ ٹیسٹ لئے جائیں گے اور ان کی استعداد کاربڑھانے اور صلاحیتوں میں نکھار لانے کیلئے اقدامات کئے جائین گے۔ مشیرتعلیم نے کہاکہ اساتذہ کرام ہمارا قیمتی سرمایہ ہے اور کسی بھی قوم کی ترقی کی راہ پرگامزن کرنے اور ان کی تقدیر بدلنے میں اساتذہ کرام کابہت اہم کردار ہوتاہے۔ انہوں نے کہاکہ ان کی کوشش ہوگی کہ اساتذہ کرام کو باعزت مقام دیا جائے تاہم اساتذہ کرام بھی اپنی پوری توجہ بچوں کی تعلیم پرمرکوزرکھیں ،ان کے تمام مسائل حل کئے جائیں گے۔ضیاء اللہ بنگش نے کہاکہ ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن ، ضلعی دفاتر، تعلیمی بورڈز، سیکرٹری آفس سب کوٹیکنالوجی کے ذریعے آپس میں لنک کیاجائیگاجس سے طلباء ،والدین اوراساتذہ کے مسائل ختم ہونے کے ساتھ ساتھ سسٹم میں مزیدشفافیت اورنکھار پیدا ہوگااور اس سلسلے میںآئی ٹی ڈیپارٹمنٹ سے استفادہ لیاجائیگا۔انہوں نے کہاکہ سکولوں میں آئی ٹی لیب کاقیام قابل ذکر منصوبہ ہے تاہم اس میں مزید جدت لانے کیلئے منصوبہ بندی شروع ہے۔ صوبائی مشیرتعلیم نے کہاکہ ہمارے متعارف کردہ اصلاحات اوربہترین کارکردگی کی بدولت محکمہ تعلیم میں اہم اوربنیادی تبدیلیاں آئیں گح جس سے سرکاری اورپرائیویٹ سکولوں میں دی جانی والی تعلیمی معیار میں فرق مکمل طور پرختم ہوجائیگا اور یہی ہمارامشن ہے۔


شیئر کریں: