Chitral Times

Apr 16, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پشاور ، پانچ قبائلی اضلاع میں فراہمی آب کے 60منصوبے مکمل

Posted on
شیئر کریں:

پشاو(چترال ٹائمز رپورٹ ) سرحد رورل سپورٹ پروگرام کے تحت خیبر پختونخوا میں شامل ہونے والے پانچ قبائلی اضلاع خیبر،کرم، اورکزئی ، جنوبی اور شمالی وزیرستان میں صاف پانی کی فراہمی کے 60منصوبے مکمل کرلئے۔ 10کروڑ 30لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے منصوبوں کی بدولت تقریبا44ہزار افراد کو پینے کا صاف پانی میسر آگیا ہے۔ منصوبے کے لئے جرمنی کی حکومت نے مالی امداد فراہم کی تھی۔ ایس آر ایس پی کے ترجمان کے مطابق فاٹا میں امن کی بحالی کے بعد گھروں کو واپس آنے والے متاثرین کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے ایک کروڑ یورو کی لاگت کا پانچ سالہ پروگرام شروع کیا گیا ہے جو دسمبر2019کو مکمل ہوگا۔ اس پروگرام پر خیبر، کرم، اورکزئی، شمالی و جنوبی وزیرستان میں عمل درآمد کیا جارہا ہے۔ اس ترقیاتی پروگرام میں کمیونٹی موبلائزیشن، فیزیکل انفراسٹرکچر اور لیولی ہڈ کے منصوبے شامل ہیں۔ اب تک 394کمیونٹی آرگنائزیشن کو پروگرام میں شریک کیا گیا ہے جو 73ہزار 875افراد کی نمائندگی کرتی ہیں۔ اب تک اس پروگرام کے تحت کمیونٹی انفراسٹرکچر کے 203منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔ جس سے 86ہزار سے زائد افراد کو فائدہ ہوگا۔ ان میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی،آبپاشی ، کھیتوں سے منڈی تک سڑکوں کی تعمیر اور شمسی توانائی کے منصوبے شامل ہیں۔مختلف علاقوں میں جاکر ایس آر ایس پی کے نمائندے عوام کے مسائل کی نشاندہی کرتے ہیں۔ پروگرام کے تحت اب تک دو ہزار 167مردوں اور خواتین کو مختلف فنون کی تربیت دی گئی ہے جن میں کپڑوں کی سلائی، کشیدہ کاری، مزاری مصنوعات کی تیاری، سولر پینل کی تنصیب، موبائل ریپیرنگ ، آٹو میکینک اور زرعی فارمنگ کے شعبے شامل ہیں۔ تربیت مکمل کرنے والے اکثر افراد مختلف اداروں میں ملازمت حاصل کرچکے ہیں اور متعدد افراد نے اپنا کاروبار شروع کیا ہے۔ ترجمان ایس آر ایس پی کے مطابق ان منصوبوں کا مقصدقبائلی اضلاع میں معاشی سرگرمیوں اور روزگار کی فراہمی کے ذریعے امن کی بحالی میں مدد دینا ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
13123