Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سرکاری اشتہارت میں نمائندگان کی ذاتی تشہیر پر فوری طوپر پابندی عائد کی جائے…شہرام خان ترکئی

Posted on
شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ ) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے بلدیات و دیہی ترقی شہرام خان تراکئی نے کہا ہے کہ بحیثیت وزیر بلدیاتی نظام کو مزید موثر اور مضبوط بنانا ان کی اولین ترجیح ہے بلدیاتی نظام کو اس کے اصل روح کے مطابق بنانے کے لئے متعلقہ قانون میں ضروری ترامیم کی جائیں گی۔ محکمہ تعلیم اور صحت میں قائم اینڈ یپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹس کی طرز پر بلدیات میں بھی ایک آذادمانیٹرنگ یونٹ کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس پر متعلقہ حکام جلدی سے کام شروع کریں تاکہ محکمے میں خدمات کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنایا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے فوری بعد محکمے کی طرف سے دی جانے والی بریفنگ کے دوران کیا۔ سیکرٹری محکمہ بلدیات و دیہی ترقی جمال الدین نے محکمے کے مختلف شعبوں اور ذیلی اداروں کے بارے میں صوبائی وزیرکو تفصیلی بر بیفنگ دی۔ محکمے کے تمام ذیلی اداروں کے سربراہان کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے صوبائی وریر نے کہاکہ محکمہ بلدیات کے لئے سو دنوں ایک پروگرام تشکیل دیا جائے گا جس میں صوبے کے بڑے بڑے شہروں خصوصاً صوبائی دارالحکومت میں صفائی کی صورتحال کی بہتری سرفہرست ہوگی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بڑے بڑے شہروں میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے ایک ایک ہفتے کے اندر ایک جامع اورقابل عمل پلان بنا کر پیش کریں شہرام تراکئی نے کہاکہ ترقیاتی کاموں اور بھرتیوں کے عمل کو صاف وشفاف بنانے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا نیا نظام متعارف کرایا جائے گا ۔ ای ٹینڈرنگ اور ای بڈنگ کے نظام کو مزید شفاف بنایا جائے گا ۔ انہو ں نے حکام پر واضح کیا کہ محکمے میں بھرتیوں کے حوالے سے کسی بھی قسم کی سفارش ، اقرباء پروری یا سیاسی دباؤ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا آج کے بعد سے محکمے کے تمام شعبوں میں ہونے والی ہر قسم کی بھرتیاں 100 فیصد میرٹ کی بنیاد پر ہوں گی جس کے لئے ایک یکساں نظام وضع کیا جائے گا جبکہ ملازمین کی ترقیاں ان کی کارکردگی سے مشروط ہوں گی نہ کے ان کی مدت ملازمت سے جس کے لئے متعلقہ قوانین میں ترامیم کی جائیں گی۔ صوبائی وزیرنے متعلقہ حکام پر یہ بھی واضح کیا کہ وہ نہ خود غلط کام کرتے ہیں اور نہ کسی اور کو غلط کام کرنے دیں گے۔ وہ میرٹ کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں اس لئے وہ افسرا ن کے کام میں بیجا مداخلت ہرگز نہیں کریں گے لیکن وہ افسران سے سو فیصد کارکردگی چاہیں گے۔ اچھے کام کرنے والے افسران کی نہ صرف عزت اور حوصلہ افزائی بلکہ انہیں انعام بھی دیا جائے گا جبکہ ناقص کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں کے لئے محکمے میں کوئی جگہ نہیں ہوگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محکمے کے تمام شعبوں اور ذیلی اداروں کے سربراہان اپنے اپنے اداروں میں ملازمین کی سزا وجزا اور ان کی اچھی بری کارکردگی کوجانچنے کے لئے کی پرفارمینس انڈیکٹرز (KPIs) وضع کریں۔ شہرام تراکئی نے اخبارات میں شائع ہونے والے مقامی حکومتوں کے بعض ٹینڈر نوٹسزمیں منتخب نمائندگان کے ناموں کی تشہیر کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری بلدیات کو ہدایت کی کہ سرکاری اشتہارت میں لوگوں کی ذاتی تشہیر پر فوری طوپر پابندی عائد کی جائے صوبائی وزیر نے آنے والے بلدیاتی انتخابات کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے حکام کو ابھی سے ا لیکشن کی تیاری شروع کرنے اور اس حوالے سے دس دنوں کے اندر انہیں ایک تفصیلی بریفنگ دینے کی بھی ہدایت کی۔


شیئر کریں: