Chitral Times

Dec 14, 2018

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

  • پاک آرمی کے تحت سر سبز و شاداب پاکستان کے نام سے شجرکاری مہم کا آغاز، اسامہ شہید پارک میں تقریب

    August 14, 2018 at 9:49 am

    چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) پاکستان آرمی کے تحت سرسبزو شاداب پاکستان کے نام سے شجرکاری مہم کے سلسلے میں چترال میں اسامہ شہید پارک میں منعقد ہ تقریب میں مقررین نے کہاکہ گلوبل وارمنگ اور موسمیاتی تبدیلی جیسے مسائل سے نمٹنے میں شجرکاری سے ذیادہ کوئی قدم موثر نہیں ہوسکتی اور پاک آرمی نے اس مسئلے کی حساسیت اور اہمیت کے پیش نظر پانچ سال کے لئے جامع اورمربوط حکمت عملی کے ساتھ ہر سال موسم بہار اور پھر مون سون شجرکاری میں حصہ لینے کا فیصلہ کیاہے جس کے دور رس نتائج مرتب ہوں گے۔چترال ٹاسک فورس کے کمانڈنٹ کرنل معین الدین نے کہاکہ شجرکار ی ہر شہری کی ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے ہر شہری کو پاک آرمی کا ساتھ دینا ہے تاکہ موسمیاتی تبدیلی کے بد اثرات کو بتدریج کم کی جاسکے جس کے اثرات پانی کی کمی اور موسم گرما کی غیرمعمولی طوالت کی صورت میں سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیاکہ پاکستان کا ہر ذمہ دار شہری شجرکار ی کے مقدس فریضے کی ادائیگی میں پاک آرمی کا ساتھ دے کر وطن عزیز کو سرسبزوشاداب بنائیں گے۔ اس سے قبل خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ناظم مغفرت شاہ نے گلوبل وارمنگ کی تباہ کاریوں سے بچنے کے لئے پاک آرمی کی اس انیشے ٹیو کی تعریف کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی طرف سے ہر ممکن تعاون اور مدد کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہاکہ چترال میں آنے والے چار سالوں کے دوران تبدیلی کے ماحول کا ادراک کرتے ہوئے ہمیں اس کے مطابق مربوط اور مشترکہ حکمت عملی ترتیب دینا ہے جوکہ چترال کو سی پیک روٹ کے متبادل کے طور پراستعما ل کرنے کے نتیجے میں آنے والی ہے جس میں قدرتی ماحول پر اس کے اثرات سے آنکھیں بند نہیں کرسکتے۔ ضلع ناظم نے کہاکہ چترال چند لاکھ لوگوں اور جعرافیائی سرحد کا ہی نام نہیں ہے بلکہ یہ ایک زندہ اور مکمل تہذیب وتمدن کا نام ہے جس میں شجرکاری کو بھی ایک بنیادی اہمیت اور مقام حاصل ہے۔ بعدازاں کمانڈنٹ معین الدین، ڈسٹرکٹ ناظم مغفرت شاہ، ڈی پی او فرقان بلال، معروف سماجی شخصیت شہزادہ سراج الملک اور دوسروں نے اسامہ شہید پارک کے احاطے میں چڑھ اور دیودار کے پودے لگائے۔ محکمہ جنگلات کے افسران اور اہلکار وں نے اس پروگرام میں موجود تھے۔


     

  • error: Content is protected !!