Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

خیبرپختونخوامیں30ہزارمیگاواٹ پن بجلی کی پیداوارکے وسائل موجود ہیں،انجینئرسید ظفرعلی شاہ

شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) خیبرپختونخواتوانائی کے ذخائرسے مالامال صوبہ ہے جہاں پر30ہزار میگاواٹ سے زائد پن بجلی پیداکرنے کی گنجائش موجود ہے جس سے سستی ترین بجلی پیداکرکے ملک کوموجودہ توانائی کے بحران سے نکالاجاسکتاہے ،ان وسائل کے فروغ سے نہ صرف خیبرپختونخواکی معیشت کو استحکام دیاجاسکتاہے بلکہ بے روزگاری پر کافی حد تک قابوپایاجاسکتاہے۔خیبرپختونخوامیں فاٹاکے انضمام کے بعد مستقبل کے چیلنجزسے نمٹنے کے لئے ہمیں توانائی کے شعبے کی ترقی کے لئے بہت کچھ کرناہے۔ محکمہ توانائی اوراسکے تمام ذیلی اداروں میں جاری توانائی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر بروقت مکمل کیا جائے اورکسی بھی منصوبے میں بلاوجہ تاخیرناقابل برداشت ہوگی جس کی تمام ترذمہ داری متعلقہ پراجیکٹ ڈائریکٹرز پر ہوگی ۔ ان خیالات کا اظہارسیکرٹری توانائی وبرقیات انجینئرسید ظفرعلی شاہ نے صوبے میں توانائی کے جاری منصوبوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسرپیڈوانجینئرذین اللہ شاہ اور پن بجلی کی پیداوارکے مختلف منصوبوں کے پراجیکٹ ڈائریکٹرزنے صوبے میں جاری توانائی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں جامع بریفنگ دی۔ اجلاس میں بتایا گیاکہ حکومت کلین انرجی پالیسی کے تحت صوبے میں دستیاب وسائل سے سستی ترین بجلی کے پیداواری منصوبوں کوترجیح دے رہی ہے۔ضلع سوات میں84میگاواٹ مٹلتان ہائیڈروپاورپراجیکٹ،چترال میں 69میگاواٹ لاوی ہائیڈروپاورپراجیکٹ،ضلع دیرمیں40میگاواٹ کوٹوہائیڈروپاورپراجیکٹ پر کام تیزی سے جاری ہے جبکہ فرنٹیئرورکس آرگنائزیشن لاسپورموجی گرام ہائیڈروپاورپراجیکٹ230میگاواٹ، شوشگئی زھنڈولی ہائیڈروپاورپراجیکٹ144میگاواٹ اورشوگوسن ہائیڈروپاورپراجیکٹ132میگاواٹ پرکام کررہی ہے۔ سیکرٹری توانائی انجینئرسید ظفرعلی شاہ نے کہا کہ 36.6میگا واٹ درال خوڑ ، 17میگا واٹ رانو لیا ،18میگاواٹ پیہور اور2.4میگاواٹ مچئی پاورپراجیکٹس سے مجموعی طورپر 74میگاواٹ کرنے کی گنجائش ہے مکمل کرلئے گئے ہیں جن سے پیداہونے والی بجلی جلد نیشنل گرڈ سے منسلک کردی جائے گی۔ انہوں نے بتایاکہ بجلی کی نعمت سے محروم پسماندہ علاقوں میں356منی مائیکرو پاور سٹیشن بھی تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں ور جلد ہی ان چھوٹے بجلی گھروں کو کمیونٹی کے حوالے کر دیا جائے گا۔اجلاس میں سیکرٹری توانائی نے تمام منصوبوں کو معیاری اور بروقت مکمل کرنے پرزوردیااورانہیں خبردارکیا کہ منصوبوں کی تکمیل میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا بلاوجہ تاخیر کرنے والے ٹھیکیداروں اور کنسلٹنٹ پرجرمانہ عائد کیا جائے گا۔


شیئر کریں: