Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چترال کے عوام کارکردگی کی بنیاد پر مسلم لیگ ن کو کامیاب بنائیں/دروش جلسے سے قائدین کا خطاب

Posted on
شیئر کریں:

دروش(نمائندہ چترال ٹائمز) پاکستان مسلم لیگ ن نے انتخابی مہم کے سلسلے میں دروش میں اپنی قوت کا مظاہرہ کیا ۔ انتخابی جلسے میں بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کیں۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق رکن قومی اسمبلی شہزادہ افتخار الدین نے کہا کہ جب میں قومی اسمبلی کا ممبر بنا تو ماحول انتہائی سخت تھا تاہم اللہ کے فضل و کرم سے میں نے صبر سے کام لیتے ہوئے وفاقی حکومت کے ساتھ تعلقات کو بہتر بناکر چترال کے لئے اربوں روپے کے فنڈز منظور کرائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ سابق صدر جنرل پرویز مشرف کے دور میں لواری ٹنل پر کام کا آغاز ہوا اور اس دوران ڈیڑھ ارب روپے ٹنل پر خرچ ہوئے، بعدازاں پی پی پی کی حکومت میں بھی تقریباً ڈیڑھ ارب روپے خرچ ہوئے تاہم اتنے کم فنڈز کی فراہمی پر لواری ٹنل کا مکمل ہونا ممکن نہیں تھا اسلئے انہوں نے وزیر اعظم میاں نواز شریف سے خصوصی درخواست کرکے چترال کے حالات اور ان بڑے پراجیکٹس کی اہمیت پر بات کی جس پر انہوں نے چترال کے لواری ٹنل سمیت دیگر منصوبوں کے لئے مطلوبہ فنڈز فراہم کردئیے اور آج نہ صرف لواری ٹنل مکمل ہو چکا ہے بلکہ گولین گول پراجیکٹ بھی مکمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ گولین گول بجلی گھر کی یہی حالت تھی کہ فنڈز نہیں ملتے مگر سابق حکومت نے اس کیلئے بھی فنڈز جاری کردئیے جس سے نہ صرف بجلی گھر مکمل ہوا بلکہ چترال کو 30میگاواٹ بجلی فراہم کرنے کا تاریخی اقدام بھی اٹھایا گیا۔ ان دونوں منصوبوں کے لئے مسلم لیگ ن کی حکومت نے چالیس ارب روپے سے زیادہ فنڈز جاری کردئیے۔ اسی طرح چترال میں گیس پلانٹ، تورکہو روڈ، اویئر تریچ روڈ، بونی شندور گلگت روڈ، بمبوریت روڈ سمیت چترال کو سی پیک کا حصہ بنانا یہ سب وفاقی حکومت کی کارکردگی ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم کو اس بات کا مکمل علم ہے کہ 2015کے سیلاب اور بعد ازاں زلزلے کے تباہ کاریوں کے بعد نواز شریف کی حکومت نے چترال کے عوام کیساتھ بھرپور تعاؤن کیا اور تاریخ میں سابقہ حکومت کے دور میں وزیر اعظم نے بار بار چترال کا دورہ کیا۔انہوں نے کہا کہ چترال بھر میں موبائل فون سروس فراہم کرنے کا سہرا بھی وفاقی حکومت کے سر ہے جبکہ چترال یونیورسٹی کے لئے مطلوبہ فنڈز بھی وفاقی حکومت نے دئیے ہیں۔ شہزادہ افتخارالدین نے کہا کہ سیاست قومی خدمت کیلئے کیجاتی ہے اور ہم نے گذشتہ پانچ سالوں میں جو کام کئے ہیں انکے مقابلے میں کسی دوسری پارٹی بالخصوص پی ٹی آئی نے جو کچھ کیا ہے تو وہ قوم کے سامنے رکھے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عبدالولی خان ایڈوکیٹ نے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں اور سیاست کا مقصد عوامی مفاد اور خدمت ہوتی ہے، جس پارٹی نے چترال کی خدمت کی ہو ہم اسکا ساتھ دینگے۔ انہوں نے کہا گذشتہ ادوار میں لواری ٹنل اور گولین بجلی گھر پر کام کی رفتار کچھوے کی چال جیسے تھی مگر نواز شریف کی قیادت میں سابقہ حکومت نے ان بڑے منصوبوں کو تکمیل تک پہنچایا ، اسکے علاوہ بھی چترال میں بڑے پیمانے پر کام ہوئے جن میں سب سے اہم سی پیک میں چترال کی شمولیت، چکدرہ چترال روڈ کی کشادگی و پختگی سمیت دیگر بڑے بڑے منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ صوبائی حکومت کے دور میں کرپشن کا بازار گرم رہا ، پی ٹی آئی میں انصاف نام کی کوئی چیز نہیں۔
مسلم لیگ ن کے جلسے میں ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی ۔ جلسے سے ظفراللہ پروآز، حاجی شیز زمین و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
PML N Jalsa Drosh2


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
12030