Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کمشنر ملاکنڈ کے زیر صدارت اجلاس ، چکدرہ تا سوات روڈ کی بروقت تکمیل کی ہدایت

Posted on
شیئر کریں:

سوات ( چترال ٹائمز رپورٹ ) کمشنر مالاکنڈ ڈویژن سید ظہیرالاسلام شاہ سے انکے دفتر سیدو شریف میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے چئیرمین جواد رفیق ملک نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ملاقات کی اور انہیں نگراں وزیراعظم جسٹس ناصرالملک کی ہدایات کی روشنی میں زیرتعمیر چکدرہ تا سوات و کالام روڈ کی تکمیل سے متعلق اقدامات سے اگاہ کیا ٹیم میں انجینئرز اور ٹھیکیدار کے علاوہ این ایچ اے کے جنرل مینجر، ممبر ٹیکنیکل اور پراجیکٹ ڈائریکٹر شامل تھے چئیرمین این ایچ اے نے بتایا کہ این 95کے تحت گیارہ ارب روپے کے خرچ پر تعمیر ہونے والے مواصلات کے اس اہم منصوبے کو ہنگامی بنیادوں پر دو مراحل میں مکمل کیا جا رہا ہے ان میں چکدرہ تا فتح پور 82کلومیٹر پہلے مرحلے پر لاگت کا تخمینہ تقریبا تین ارب روپے اور بحرین تا کالام 35کلومیٹر دشوار گذار حصے کا مشکل ترین مرحلہ سوا چھ ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہو گا جبکہ پونے دو ارب روپے کے خرچ سے 22پلوں کی تعمیر بھی منصوبے میں شامل ہے تاہم کمشنر ملاکنڈ کے ساتھ اجلاس کے بعد منصوبے کو تین مراحل میں اضافی ورک فورس کے ساتھ مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور پہلے دو مراحل کی تکمیل کی ڈیڈلائن بھی مقرر کردی گئی جس کے تحت چکدرہ تا منگورہ پہلا مرحلہ 15اگست اور فتح پور تک دوسرا مرحلہ 30ستمبر تک مکمل کرکے ان کا باضابطہ افتتاح کیا جائے گا جس کے بعد چئیرمین این ایچ اے سائٹ کا خود دورہ کرینگے اور کالام تک باقی ماندہ حصے کی تکمیل بھی اضافی شفٹوں میں جلد از جلد یقینی بنائی جائے گی کمشنر مالاکنڈ ڈویژن نے چکدرہ تا کالام شاہراہ کی تعمیر نو کا منصوبہ ہنگامی بنیادوں پر جلد از جلد مکمل کرنے پر زور دیتے ہوئے اسے سوات میں سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ یہاں کی معاشی ترقی کیلئے بھی سنگ میل قرار دیا ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ این ایچ اے حکام ان رات ایک کرکے ڈیڈلائن کے مطابق شاہراہ کی بروقت تکمیل ممکن بنائیں گے جو خطے میں عوام کی معاشی خوشحالی کے ساتھ ساتھ سیاحت کی ترقی کیلئے ناگزیر پراجیکٹ ہے انہوں نے کہا کہ کرنل شیر انٹرچینج تا چکدرہ سوات موٹر وے کی تکمیل سے اس شاہراہ اور پورے ملاکنڈ ڈویژن کی اہمیت دوچند ہو جائے گی جہاں سے چترال کے راستے وسط ایشیاء تک آمد و رفت کے نئے راستے کھل جائیں گے۔


شیئر کریں: