Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صاف و شفاف الیکشن کے انعقاد کو ممکن بنانے کے علاوہ ہمارا کوئی ایجنڈا نہیں۔۔ اسد حمید خان

Posted on
شیئر کریں:

چترال ( محکم الدین ) ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چترال اسد حمید خان نے کہا ہے کہ صاف و شفاف الیکشن کے انعقاد کو ممکن بنانے کے علاوہ ہمارا کوئی ایجنڈا نہیں ہے ۔ اس لئے پریذائڈنگ آفیسران کا بھی کوئی ایجنڈا نہیں ہونا چاہیے ۔ یہ ایک ایسی ذمہ داری ہے ، جسے ہمیں بلا امتیاز اور غیر جانبدارانہ طور پر انجام دینا چاہیے ۔ اور میں تما م پریذائڈنگ آفیسران سے یہ توقع رکھتا ہوں ۔ کہ وہ یہ قومی ذمہ داری انجام دینے میں پورے خلوص اور ایمانداری کا مظاہرہ کریں گے ۔ تاکہ انتخابی عمل احسن طریقے سے مکمل ہو سکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 153پریذائڈنگ آفیسران سے انتخابی عمل کی انجام دہی کیلئے کو رنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج برائے منیجمنٹ سائنسز چترال میں منعقدہ حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج و ریٹرننگ آفیسر NA-1چترال محمد خان ، ریٹرننگ آفیسر PK-1چترال و سنیئر سول جج عابد زمان اور الیکشن کمشنر عنایت الرحمن و دیگر موجود تھے ۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ کہ انتخابات کے عمل کو اس کی روح کے مطابق مکمل کرنا نہایت اہم قومی ذمہ داری ہے ۔ اور شفاف الیکشن کے انعقاد کا انحصار پریزائڈنگ آفیسران پر ہے ۔ اس لئے تمام پریزائڈنگ آفیسران انتخابات کو صاف و شفاف طریقے سے انجام دینے کی کو شش کریں ۔انہوں نے پریذائڈنگ آفیسران کو یقین دلایا ۔ کہ ہم الیکشن میں خدمات انجام دینے والے تمام آفیسران اور اہلکاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ہماری کو شش ہو گی کہ الیکشن کے حوالے سے آپ کا اعزازیہ بھی بروقت آپ کو مل سکے ۔ اور اس کیلئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔ قبل ازین ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج و ریٹرننگ آفیسر این اے ون چترال محمد خان نے تمام پریذائڈنگ آفیسران سے حلف لیا۔ ریٹرننگ آفیسر PK-1 عابد زمان نے پریزائڈنگ آفیسرز کو ہدایت کی ۔کہ کسی بھی مسئلے کے حل کیلئے وہ اُن سے رابطہ کریں ۔ تاکہ بروقت اقدامات کئے جا سکیں ۔
oath taking chitral5

oath taking chitral


شیئر کریں: