Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

لواری ٹنل پر کام 100فیصد مکمل، ٹنل اب 15گھنٹے کھلا رہیگا ، شیڈول جاری

Posted on
شیئر کریں:

سوات ( نمائند ہ چترال ٹائمز ) کمشنر ملاکنڈ ڈویثرن سید ظہیر اسلام شاہ کے زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں اس بات کا انکشاف کیا گیا کہ لواری ٹنل کے اندر تعمیراتی کام سو فیصد مکمل ہوگیا ہے ۔ صرف دونوں سائیڈوں پر اپروچ روڈ زپر کام جاری ہے جو ستمبر 2019تک مکمل کئے جائیں گے ۔ گزشتہ دن لواری ٹنل سے آمدورفت کے اوقات میں نظر ثانی اور ٹنل اکثر بند رہنے کی عوامی شکایات کے تناظر میں کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کے زیر صدارت اجلاس میں آرپی او ملاکنڈ اورپاک فوج کے اعلیٰ افسران کے علاوہ پراجیکٹ ڈائریکٹر لواری ٹنل و دیگر حکام موجود تھے۔ چترال ٹائمز کو موصولہ اطلاعات کے مطابق این ایچ اے کی طرف سے پراجیکٹ ڈائریکٹر نے لواری ٹنل کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی ۔ انھوں نے بتایا کہ لواری ٹنل ( 8.5اور 2کلومیٹر )دونوں ٹنل پر کام سو فیصد مکمل کرلیا گیا ہے ۔ اور اپروچ روڈز پر کام جاری ہے ۔

شرکاء اجلاس نے اس بات پر زور دیا کہ اپروچ روڈ ز پر کام کی سست روی اور ٹنل کے موجودہ شیڈول کی وجہ سے مسافر خصوصا خواتین اور بچوں کو انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے ۔ ٹنل کے اندر کوئی تعمیراتی کام نہیں ہورہا جبکہ موجودہ شیڈول کے خلاف عوامی حلقے بار بار احتجاج کررہے ہیں لہذا لواری ٹنل کو بند کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ لہذا ٹنل کو چوبیس گھنٹے عام پبلک اورسامان بردار گاڑیوں کیلئے کھلا ر کھا جائے۔ تمام پہلوں پر سیر حاصل بحث اور گفت وشنید کے بعدلواری ٹنل کے ذیل نئے شیڈول کا فیصلہ کیا گیا ۔

ٹنل صبح 4بجے سے 8بجے تک(چار گھنٹے) کیلئے کھلا رہیگا، پھر 9بجے سے 1بجے تک (چار گھنٹے کیلئے)، پھر سہ پہر 2بجے سے 5بجے تک (تین گھنٹے کیلئے)اور شام 6بجے سے رات 10بجے تک (چار گھنٹے کیلئے)کھلا رہیگا۔
فیصلے کے مطابق لواری ٹنل 24گھنٹے میں 9گھنٹے کے بجائے اب 15گھنٹے کھلا رہیگا اور شندور فیسٹول کے دوران 5جولائی سے 12تک آمدورفت اور سامان کیلئے 24گھنٹے کھلا رکھا جائیگا۔

چترال ٹائمز کو موصولہ شیڈول کے مطابق اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ لواری ٹنل بند ہونے کے اوقات میں سبز نمبر پلیٹ والی سرکاری ، فوجی ، پولیس ، این ایچ اے ، موٹر وے پولیس ،لیویز کی گاڑیاں اور ایمبولینس کے علاوہ مریض اور جنازہ لے جانے والی گاڑیوں کو گزرنے کی اجازت ہوگی ۔

اجلاس میں اپروچ روڈز کی تعمیر کی رفتار کو تیز کرنے اور زیر تعمیر سڑک کو ٹریفک کیلئے ہموار کرنے کی ہدایت کی گئی اور چیف اپریٹنگ آفیسر لواری ٹنل کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ لواری ٹنل میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی مکمل ریکارڈ اور چیکنگ کو یقینی بنانے کے ساتھ سیکورٹی کے بھی سخت اقدامات کرنے اور لواری ٹنل کے اندر سفر کو محفوظ بنانے کیلئے ہدایات اور وراننگ کے بورڈ اویزان کرے۔
lowari tunnel new schedule

lowari tunnel new schedule3

lowari tunnel new schedule2

 


شیئر کریں: