Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

HBLکو شنگھائی تعاون تنظیم آئی بی اے ضابطہ کار کے تحت ممبرشپ بینک اسٹیٹس حاصل ہوگیا

شیئر کریں:

کراچی(چترال ٹائمز رپورٹ ) حبیب بینک لمیٹڈ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے انٹربینک ایسوسی ایشن (ایس سی او آئی بی اے) کے 14 ویں کونسل اجلاس کے دوران باقار انداز سے ممبرشپ بینک کا اسٹیٹس حاصل کرلیا ہے۔ یہ اجلاس چین کے دارالحکومت بیجنگ میں 4 جون سے 7 جون تک جاری تھا۔

شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) یوریشین خطے کی سیاسی، معاشی اور سیکورٹی تنظیم ہے اسکے قیام کا اعلان 15 جون 2001 کو شنگھائی میں چین، قازقستان، کرغزستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان کے رہنماؤں کی جانب سے کیا گیا۔ یہ جغرافیائی اور آبادی کے اعتبار سے دنیا میں سب سے بڑی علاقائی تنظیم ہے اور دنیا کے سب سے طاقتور اداروں میں سے ایک ہے۔ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کا باقاعدہ رکن 9 جون 2017 کو منعقد ہونے والے 17ویں ایس سی او کے سربراہان مملکت کے اجلاس میں بنا۔

HBL 8 اگست 2014 کو ایس سی او آئی بی اے کا پارٹنر بینک بنا اور ایس سی او آئی بی اے کونسل کے موجودہ اجلاس میں دیگر ممبر بینکوں کی منظوری کے ساتھ HBLنے ممبر بینک کے طور پر مزید اہمیت حاصل کرلی ہے۔ یہ HBLکے لئے اہم کامیابی اور انتہائی اعزاز کی بات ہے کہ وہ ایس سی او بینکنگ فورم پر پاکستان کی نمائندگی کرے گا ۔ یہ اس فورم میں پہلا اور واحد کمرشل بینک ہے۔ ممبر بینک کے طور پر HBLکے اسٹیٹس میں بہتری سے یہ علاقائی تجارت، سرمایہ کاری اور مالیات کو فروغ دینے کے لئے اہم کردار ادا کرنے کی پوزیشن میں آگیا ہے۔

دیگر بہت سے اقدامات میں پہل کرنے کے ساتھ HBLپاکستان کا پہلا بینک ہے جس نے چین میں اپنی برانچ کے قیام کا لائسنس حاصل کیا۔ یہ پہلا جنوبی ایشیائی بینک ہے جسے چینی صوبہ سنکیانگ کے سب سے بڑے شہر ارمچی میں اپنے بینکنگ آپریشنز کے قیام کی اجازت ملی تھی اور یہ صوبہ روایتی شاہراہ ریشم کے ساتھ پاکستان کی سرحد سے منسلک ہے۔HBLکی ارمچی برانچ اب مکمل طور پر فعال ہے اور بیجنگ میں اپنی دوسری برانچ کھولنے کے لئے HBLکے چینی بینکنگ ریگولیٹر کے ساتھ مشاورت اہم مراحلے میں جاری ہے۔

سال 2018میں HBL گو ادر فری زون میں اپنی برانچ کھولنے والا پہلا بینک تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ HBL پاکستان کا پہلا بینک ہے جس نے پاکستان میں اپنے صارفین کو چینی کرنسی میں اکاؤنٹ کھولنے کی سہولت فراہم کی ۔

ترقی میں قائدانہ کردار کے ساتھ HBLسی پیک کے آغاز سے ہی انتہائی اہمیت کا حامل رہا ہے۔ HBLکارپوریٹ اینڈ انویسٹمنٹ بینک اس اقدام کو چینی مالیاتی اداروں کے تعاون سے آگے بڑھانے کے لئے مسلسل کام کر رہا ہے۔ HBLکو بڑے چینی بینکوں سے کامیابی کے ساتھ اشتراک پر فخر ہے جو بڑے پیمانے پر قابل ذکر انداز میں ٹرانزایکشنز کی ذمہ داریاں پوری کرکے سی پیک کے خواب کو حقیقت میں ڈھال رہے ہیں۔
HBL Granted Membership Bank Status under SCO IBA Framework


شیئر کریں: