Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چیف سیکریٹری کی تمام ڈپٹی کمشنروں کواپنےمتعلقہ ضلع میں خود کھلی کچہریوں میں شرکت کرنے کی ہدایت

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ ) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے صوبے کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی ہے کہ ہر ڈپٹی کمشنر اپنے متعلقہ ضلع میں خود کھلی کچہریوں میں شرکت کو یقینی بنائے۔اس حوالے سے پرفارمنس مینجمٹ اینڈ ریفارمز یونٹ سے تمام ڈپٹی کمشنروں کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔مراسلے کے مطابق چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو کئی اضلاع سے شکایات موصول ہوئی ہیں کہ کچھ ڈپٹی کمشنرز بذات خود کھلی کچہریوں میں شرکت نہیں کرتے بلکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنروں کو کھلی کچہریوں کے انعقاد کی نگرانی سونپ دیتے ہیں جس پر چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے تما م اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی ہے کہ تمام ڈپٹی کمشنرز خود کھلی کچہریوں میں شرکت کرکے عوام کے مسائل سنیں گے اور فوری حل کے لئے اقدامات اٹھائیں گے۔کھلی کچہریوں میں عدم موجودگی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے ڈپٹی کمشنروں کے خلاف محکمانہ کاروائی کی جائے گی۔یاد رہے 10اکتوبر2017ء4 کو کھلی کچہریوں کے حوالے سے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے تمام ڈپٹی کمشنروں کو اجلاس کے دوران ہدایت کی تھی کہ وہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے کھلی کچہریوں کا انعقاد کرکے عوام کے مسائل کو سنیں اور فوری حل کے لئے اقدامات اٹھائیں۔
دریں اثناچیف سیکرٹری خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے کابینہ اجلاس کے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے تمام ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی ہے کہ جہاں کہیں بھی نہروں اور دریاؤں پر پل بنے ہوں اس کے 200میٹراوپر اور200میٹر نیچے مٹی نکالنے پر پابندی عائد کی جائے۔اس حوالے سے پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفامرز یونٹ سے تمام ڈپٹی کمشنروں کو مراسلہ جار ی کیا گیا ہے۔مراسلے کے مطابق پل کے اوپر اور نیچے سے مٹی نکالنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔مزید براں تمام ڈپٹی کمشنرز ان ہدایات پر عمل کرکے 72گھنٹوں کے اندر اندر کام بندکریں ۔


شیئر کریں: