Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کیمسٹ اور ڈرگ ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال او مظاہرے بلاجواز ہیں..ترجمان صحت

Posted on
شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت کی جانب سے ڈرگ رولز 2017ء کو پی سی ڈی اے کے نمائندگان کی تائید اور منظوری کے بعد ہی حتمی شکل دی گئی جس پر اب اعتراضات اٹھانا بلاجواز اور بے مقصد ہے۔ محکمہ صحت نے کیمسٹ اور ڈرگ ایسوسی ایشن کے احتجاج کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی اور غیر مستند اور عطائیوں کے ہاتھوں نقصانات سے محفوظ رکھنے کی خاطر 1982کے ڈرگ رولز میں ترامیم کی گئی ہیں۔ 2017ء ڈرگ رولز کے تحت صوبے کے تمام کیمسٹوں کو ایک قابل قبول اور بہترین لائحہ عمل دیا گیا ہے جس پر عمل پیرا ہو کر عوام کی صحت وزندگی کو محفوظ رکھنے میں معاونت حاصل ہوگی۔ شعبہ طب میں غیر مستند اور نااہل افراد کے باعث ماضی میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصانات اٹھانے پڑے ہیں،جسکے سدباب کے لیے ان رولز کو ترتیب دیا گیا ہے۔محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں جاری کیمسٹ اور ڈرگ ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری ہڑتال اور مظاہرے عوامی مفاد کے خلاف ہیں۔ڈرگ رولز 2017کے تحت صوبے میں غیر مستند افراد ادویات کی خرید وفروخت نہیں کرسکیں گے،صرف مستند اور لائسنس یافتہ کیمسٹس،فارمیسی ڈسٹری بیوٹرز اور ہول سیل ڈیلرزہی کام کے مجاز ہونگے جنکے لیے واضح پیمائش ،تصریحات اور مخصوص رنگ کے سائن بورڈز متعین کردیے گئے ہیں۔لائسنسوں کے اجراء کے لیے رولز میں آسان اور سہل طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔ ادویات کو ذخیرہ اور تقسیم کرنے کے طریقہ کار کو بھی رولز میں واضح کیا گیا ہے جبکہ مجاز ایجنٹ کو ادویات کی تیاری اور بعد از فروخت ثبوت کے بارے میں جان کاری کے لیے طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔ ڈرگ سٹورز پر صرف مستند افراد کے زیر نگرانی ادویات فروخت کی جائیں گی تاکہ ادویات کا غلط استعمال بھی روکا جاسکے۔محکمہ صحت کے مطابق ان تمام اقدامات سے کہیں بھی کسی فارمسسٹ،ڈرگ ڈیلر ،ڈسٹری بیوٹر اور سٹور مالکان کو کوئی بھی نقصان نہیں بلکہ یہ تمام تر اقدامات عوام کی زندگی و صحت کے ضامن کے طور پر اٹھائے گئے ہیں۔کیمسٹ اینڈ ڈرگ ایسوسی ایشن کی حالیہ ہڑتال سے غریب مریضوں کو تکلیف و پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جو کہ بے جا اور ناانصافی ہے۔ مزید برآں سول سوسائٹی کی جانب سے بھی محکمہ صحت کی جانب سے ڈرگ رولز میں ترامیم کے حق اور کیمسٹ اور ڈرگ ایسوسی ایشن کے بلاجواز مظاہرے اور ہڑتال کے خلاف پشاورپریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا جس میں محکمہ صحت کے اقدامات کی تائید میں نعرے بازی کی گئی جبکہ ذاتی مفاد کے لیے قیمتی زندگیوں کو داؤ پر لگانے والے کیمسٹس کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔


شیئر کریں: