Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

عزت مند شاہ مرحوم کے خاندان سے اظہار تعزیت۔۔۔۔۔۔ شمس یارخان بونی، حال نیویارک

شیئر کریں:

میرے ہم مشرب ہم رکاب رفیقِ کار عزت مند شاہ کی اس جہان فانی سے کوچ کر جانے کی خبر سن کر دلی رنج ہوا ۔ ہماری دوستی اَٹھاؤن سالوں پر محیط ہے ۔ ہم نے سن ساٹھ کی دہائی میں پشاور سے زرعی ترقی کی پیشہ وارانہ تعلیم کا آغاز کیا اور زراعت کے شعبے سے منسلک ہو کر علاقے کی خد مت کرتے رہے ۔ سرکار سے سبددوش ہونے کے بعد اے کے آر ایس پی میں ہم دونوں نے کم و بیش ایک عشرے تک ایک ساتھ کام کیا ۔ آپ کا نام آپ کے کام اور شخصیت پر خشبو اور پھول کی نسبت سے صادق آتا ہے ۔ دوران ملازمت ہمیں ایک دوسرے کو قریب سے دیکھنے ، پرکھنے اور جانچنے کا موقعہ ملا ۔میں نے مرحوم کو ہر عمل اور ہر معاملے میں ایک سچا مسلما ن اور فرشتہ خصلت انسان پایا ۔ آپ اُن پیشہ وروں میں سے ایک تھے جو پیشے کو عبادت سمجھ کر کرتے ہیں ۔ آپ دوران ملازمت اپنے ہم منصب اور ماتحتوں کی، بلا تفریق رنگ ونسل ، مذہب و مسلک اور منصب و عہدہ عزت کرتے رہے اور خود عزت کماتے رہے ۔
جسمانی طور پر ہمارے درمیاں آپ کا عدم وجود ایک طویل اور پر اسرار خلا ہے جسے پُر کرنے اور عزت مند شاہ جیسے انسان دوبارہ پیدا کرنے کے لئے زمانے کو قرنوں کا انتظار کرنا پڑے گا ۔ عزت مند شاہ کی جدائی کا غم صرف اُن کے خاندان اور دوستوں تک محدود نہیں بلکہ یہ خبر سن کر تمام چترال غمزدہ اور اشک بار ہے ۔ میری دعا ہے کہ اللہ تبارک وتعالی مرحوم کو جنت فردوس میں جگہ عطا فرمائے اور ہم سب پسماندگان اور لواحقین کو اس اندوہناک آزمائش کو صبر و تحمل سے برداشت کرنے کی توفیق دے ۔ اس الم ناک واقعے کے رونما ہونے پر جو دکھ اور درد آپ( مرحوم) کے فرزند اور میرے برخوردار ، ذولفقار علی شاہ ، افتخار علی شاہ اور امتیاز علی شاہ کو ہو اہے ، میں اس دکھ میں برابر کا شریک ہیں ۔ رب کائینات آپ کو اور ہم سب کو صبر کی توفیق دے ۔


شیئر کریں: