Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی کے ذمہ داروں کا پشاور کے مختلف سکولوں کا اچانک معائنہ

Posted on
شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ ) خیبرپختونخوا پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی ایکٹ 2017 اورپشاورہائی کورٹ کے فیصلوں پرعمل درآمد کاجائزہ لینے کے لئے مینجنگ ڈائریکٹر پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی خیبرپختونخوا کی ہدایات پرڈائریکٹر (آپریشنز) یاسرحسین نے ڈپٹی ڈائریکٹر (رجسٹریشن اینڈ فیس ریگولیشنز)نورعالم خان وزیرکے ہمراہ مختلف سکولوں کے اچانک معائنے کیے۔تفصیلات کے مطابق بلوم فیلڈہال سکول یونیورسٹی ٹاؤن پشاورکے معائنے کے دوران مذکورہ ٹیم کو بتایا گیا کہ سکول میں کوئی پیشگی فیس وصول نہیں کی جارہی جبکہ گرمیوں کے چھٹیوں کے لئے بھی کوئی فیس چارج نہیں کی جاتی ،تیسرے بچے سے نصف فیس جبکہ دوسرے بچے سے مکمل فیس لی جارہی ہے اورپروموشن فیس چارج نہیں کی جاتی ۔اس موقع پردوسرے بچے سے پوری فیس کی وصولی سے متعلق سکول کے پرنسپل نے بتایا کہ پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اس سلسلے میں اپنی پالیسی پردوبارہ غور کررہے ہیں جبکہ اس موقع پرایک والد کی شکایت کہ بعض بچوں کوکنٹینرزمیں رکھا گیاہے ،پرنسپل نے جواب دیا کہ بچوں کو دھوپ سے بچانے کے لئے ایئرکنڈیشن نصب کئے گئے ہیں۔معائنے کے دوران سکول کوسرد اورقابل استعمال پایا گیا۔تاہم گرمیوں کی چھٹیوں کی فیسوں سے متعلق سکول انتظامیہ ٹیم کو مطمئن نہ کرسکی ۔اس لئے اس معاملے کی مزید چھان بین کے لئے دورکنی کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز کی گئی۔ مزید برآں یونیورسٹی ٹاؤن ،فیز ۔I اورفیز ۔V حیات آباد پشاورمیں واقع تین سٹی سکولوں میں انتظامیہ ،پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی خیبرپختونخوا ریگولیشنز2018 اورعدالتی فیصل پر عمل درآمد سے متعلق ریکارڈ فراہم نہ کرسکی اورصورتحال بہت مایوس کن پائی گئی ۔اس لئے مذکورہ سکولوں کے معاملات بہتر بنانے کے لئے مذکور ریگولیشنز اورعدالت عالیہ کے فیصلے کے مطابق مذکورہ سکولوں کے خلاف کارروائی کے لئے مالیاتی اکاؤنٹس ضبط کرنے کی تجویز کی گئی ۔اس کے علاوہ روٹس میلینیم سکولز حیات آباد پشاورکے منیجرنے معائنہ ٹیم کوایڈوانس اور گرمیوں کی چھٹیوں اورایک سے زیادہ بچو ں کے متعلق ریکارڈ فراہم کرنے سے انکارکردیا ۔تاہم انہوں نے بتایا کہ مذکورہ سکول پشاورہائی کورٹ کے فیصلے اور ایک سے زیادہ بچوں کی پالیسی کی پیروی نہیں کررہا جبکہ قرطبہ پبلک گرلزسکول فیز ۔V حیات آباد پشاورکارویہ زیادہ قابل ستائش اورحوصلہ افزا رہا جس کی انتظامیہ نے ایک سے زیادہ بچوں اورگرمیوں کی چھٹیوں کی فیسوں سے متعلق اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں سے متعلق دو اعلامیے جاری کیے ۔ایک اعلامیے میں والدین سے ان کے بچوں کے نام طلب کیے گئے ہیں تاکہ اس سلسلے میں انہیں مستفید کیا جاسکے ۔اس امر کااعلان پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی حکومت خیبرپختونخوا کی جانب سے کیاگیا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
9536