Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی سیٹ کا خاتمہ سیاسی لیڈرشپ کی ناکامی کا ثبوت ہے، صوبیدار (ر) امیر اللہ

Posted on
شیئر کریں:

چترال( نمائندہ چترال ٹائمز) چترال سے صوبائی اسمبلی کے ایک سیٹ کے خاتمے پر امیر اللہ صوبیدار نے کہا ہے کہ چترال کی ایک سیٹ ختم ہونے کے بعد انہوں نے اپنے الیکشن کمپئن کو بھی موخر کردیا تھا اور سیاسی افراد کے مشترکہ اجلاس کے بعد اعلان پر ان کا بھی اتفاق تھا کہ اگر چترال کی سیٹ بحال نہ کی گئی تو پورے چترال میں الیکشن کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔ مگر سیاسی نمائندوں نے سیٹ کی بحالی کے لئے کام کرنے کے بجائے الیکشن کمپئن کا آغاز کردیا ہے۔ جو اس بات کے لئے واضح جواز فراہم کررہے ہیں کہ ہماری سیاسی لیڈرشپ بصیرت سے یکسر محروم ہے۔ وہ مردم شماری سے پہلے چترال کے عوام میں یہ شعور بیدار کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں اور مردم شماری کے بعد الیکشن کمیشن میں اپنا موقف بیان کرنے میں بھی ان کو شدید ناکامی کا سامنا ہوا ہے۔ ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام سے الیکشن کے بائیکاٹ کا وعدہ کرنے والی سیاسی لیڈرشپ اب الیکشن کمپئن کیوں چلا رہے ہیں؟ ان کا اب کمپئن چلانا دھوکہ دہی کے زمرے میں آتا ہے۔ عوام کو ان کے دھوکے کا پتہ چلنا چاہئے ۔ عوام کو اندازہ ہونا چاہئے کہ اگر یہ لوگ انتخابات سے قبل ہی ان کو دھوہ دے رہے ہیں تو انتخابات جیتنے کے بعد عوام کا کیا حال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنا الیکشن کمپئن دوبارہ سے شروع کررہے ہیں تاکہ اسمبلیوں تک جا کر چترال کے سادہ لوح عوام کی خدمت کرسکوں اور ایسے دھوکے باز افراد سے عوام کی خلاصی ہوسکے۔انہو ں نے عوام پر زور دیا کہ اگلے انتخابات میں ووٹ ڈالنے سے پہلے اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کا ووٹ آپ کے اجتماعی مفادات کے حصول کے لئے استعمال ہو نہ کہ سیاسی لوگ آپ کو دھوکہ دے کر اپنے ذاتی مفادات کے لئے آپ کے ووٹ استعمال کریں۔


شیئر کریں: