Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ایک نظر کنوداس کی طرف……تحریر: حسنات احمد کھوکھر

Posted on
شیئر کریں:

ویسے اگر دیکھا جائے تو ہر طر ف مسائل بھرے پڑے ہیں ، لیکن آج ایک نظر گلگت بلتستان کے ایک نہایت ہی عمدہ اور مشہور شہر کنوداس کی طرف کی جائے جہاں کے باسی نہایت ہی زندہ دلان ہیں اور کنوداس گلگت کی تاریخ میں دیکھا جائے تو ایک پر امن شہر کی حیثیت رکھتا ہے لیکن یہ شہر بہت سارے مسائل میں ڈوبا ہوا ہے پر دیکھنے والا اور ان مسائل کو حل کرنے والا کوئی نہیں ۔ کنوداس کا علاقہ حلقہ 1میں آتا ہے لیکن 2015کے الیکشن سے لیکر اب تک حلقہ نمبر 1کے فاتح ممبر جناب جعفر اللہ خان صاحب اس علاقے میں تشریف تک نہیں لائے حالانکہ کنوداس کے آدھے سے زیادہ ووٹ انہی کے حق میں ڈالے گئے ہیں پر آج تک کسی نے بھی آکر کنوداس کے عوام سے ان کے مسائل حل کرنا تو دور کی بات پوچھنا تک گوارا نہیں کیا۔ کنوداس وہ شہر ہے جہاں پر گلگت کے کئی بڑے بڑے ادارے واقع ہیں جن میں چیف کورٹ ، عدالت انسداد دہشت گردی ، اے جی پی آراور پی ڈبلیو ڈی وغیرہ کے دفاتر ہیں پر پھر بھی اس شہر کو نظر انداز کیا جاتا ہے۔ کنوداس کے مسائل میں بنیادی مسئلہ پانی کا ہے جو کہ ہر گھر ہر فرد کا بنیادی ضرورت ہے لیکن کنوداس کی عوام اس بنیادی اور ضرورت نعمت سے محروم ہیں ، باقی ضروریات کے لئے تو دور کی بات یہاں کے عوام پینے کے پانی سے بھی محروم ہیں ، پینے کا پانی کولر اور بوتلوں میں باہر سے لایا جاتا ہے جن کے ذرائع آمدن زیادہ ہیں وہ اپنے اپنے گھروں میں ٹینکر منگواتے ہیں لیکن اصل مسئلہ غریب عوام کا ہے جن کی مائیں، بہنیں، پینے کے پانی اور کپڑے دھونے کے لئے سردی ہو یا گرمی دریا کا رخ کرتی ہیں اگر کسی کو یقین نہیں آتا تو آر سی سی پل پر آکر دیکھ سکتے ہیں ، کئی خواتین کپڑے دھوتے ہوئے حادثے کا بھی شکار ہو چکی ہیں ان سب کا ذمہ دار کون ہیں ۔ کچھ عرصہ قبل فیاض نامی کنوداس کا رہائشی پینے کا پانی لانے کی غرض سے دریا پر گیا اور حادثے کا شکار ہو گیا اور بھی کئی ایسے واقعات رونما ہو چکے ہیں مزید ایسے واقعات ہونے سے پہلے اس اہم مسئلے کو حل کیا جائے۔ پانی کی وجہ سے کنوداس کی عوام کو بہت سارے مشکلات اور مسائل کا سامنا کرنا پڑھ رہا ہے۔اس کے علاوہ نظر ڈالی جائے تو کنوداس کی عوام کو ایک اور بڑے مسئلے کا سامنا جو ہے وہ کنوداس کی خراب اور خستہ حال روڈ ہے ، جب بھی بارش ہوتی ہے تو سارے روڈ میں بڑے بڑے تالاب بن جاتے ہیں جو تین تین چار چار دنوں تک بنے رہتے ہیں ، سیوریج کا نظام بھی برباد ہے روڈ میں بڑے بڑے کھڈے ہونے کی وجہ سے بسا اوقات حادثات ہونا معمول بن چکا ہے ۔یہ وہی روڈ ہے جہاں سے معزز جج صاحبان کا روزانہ گزر ہوتا ہے علاوہ ازیں بھی بڑی بڑی ہستیاں یہاں سے گزرتی ہیں لیکن آج تک اس پر آواز بلند کرنے کا گوارا نہیں ۔ ان چند بڑے مسائل کے علاوہ بھی کنوداس کے بہت سارے مسائل ہیں ، میں جناب وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان، جناب چیف سیکریٹری صاحب، اور معزز چیف جسٹس صاحب سے اپیل کرتا ہوں کہ جلد از جلد کنوداس کے مسائل کو حل کیا جائے اور کنوداس کی عوام کو ان کا حق دیا جائے۔


شیئر کریں: